Image: Shutterstock
اشتہارات کی ڈیجیٹل لائبریریوں کی تحقیق کے لیے گائیڈ
یہ مضمون ان زبانوں میں بھی دستیاب ہے
ڈیجیٹل اشتہار بازی سالانہ نصف ٹریلین ڈالر کی صنعت ہے اور عالمی مارکیٹنگ اور انتخابی مہموں کا ایک اہم عنصر ہے۔ ڈیجیٹل اشتہارات کو اثر و رسوخ کی کارروائیوں، دھوکہ دہی، اور سائبر جرائم میں بھی عام طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔
تاہم، میرے تجربے کے مطابق عوامی طور پر موجود معلومات کے استعمال کے اور ڈیجیٹل تحقیقاتی کورسز میں اشتہارات کا ذکر یا تدریس شاذ و نادر ہی ہوتا ہے۔ میرا خیال ہے کہ یہ ڈیجیٹل معیشت کے سب سے کم تحقیق شدہ اور سب سے زیادہ غلط سمجھے جانے والے پہلوؤں میں سے ایک ہے۔ میں اشتہاری تحقیق کی ورکشاپس منعقد کر کے اور اس نیوز لیٹر میں ٹولز اور تکنیکوں کی طرف توجہ دلا کر اس صورتحال کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ میں نے پہلے مفت ڈیجیٹل اشتہاری ٹولز کی فہرست دی تھی اور ایک رپورٹنگ کی حکمت عملی کی وضاحت کی تھی جو میں نے گوگل کے اشتہاری کاروبار کی تحقیق کرتے ہوئے استعمال کی تھی۔
اب میں آپ کو ڈیجیٹل اشتہارات کے ساتھ شروعات کرنے کا آسان ترین طریقہ متعارف کروانا چاہتا ہوں: اشتہاری لائبریریاں۔ ہر ڈیجیٹل محقق کو ڈیجیٹل اشتہاری لائبریریوں کی چھان بین کرنے کا طریقہ معلوم ہونا چاہیے۔
اشتہاری لائبریری 101
ایک اشتہاری لائبریری حالیہ اور/یا آرکائیو شدہ اشتہارات کا ایک ڈیجیٹل ذخیرہ ہے جو کسی خاص پلیٹ فارم پر شائع ہوتے ہیں۔ میٹا نے 2018 میں پہلی ڈیجیٹل اشتہاری لائبریری شروع کی تھی۔ اب کم از کم 13 ڈیجیٹل اشتہاری لائبریریاں موجود ہیں۔
یہ اضافہ بڑی حد تک یورپ کی ڈیجیٹل سروسز ایکٹ کی وجہ سے ہے، جو اس سال کے اوائل میں نافذ ہوا تھا۔ یہ ”بہت بڑے آن لائن پلیٹ فارمز اور سرچ انجنز” کے طور پر نامزد ڈیجیٹل سروسز کو ایک اشتہاری لائبریری بنانے کی ترغیب دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب ہمارے پاس ایپل کے ایپ سٹور، بنگ، اور بوکنگ ڈاٹ کام جیسی سائٹس کے لیے اشتہاری لائبریریاں موجود ہیں۔ یہ اچھی خبر ہے۔
بری خبر یہ ہے کہ زیادہ تر نئی اشتہاری لائبریریاں ڈی ایس اے کے تقاضوں کی کم از کم ضروریات (یا اس سے بھی کم) پوری کرتی ہیں۔ وہ ای یو/ای ای اے میں لوگوں کو دکھائے جانے والے موجودہ اور حالیہ اشتہارات کے بارے میں ڈیٹا شیئر کرتی ہیں لیکن ان میں سے بہت کے پاس دوسرے ممالک کا ڈیٹا موجود نہیں ہے۔
مجموعی طور پر مایوسی کی ایک وجہ یہ ہے کہ اشتہاری لائبریریاں غیر مستقل اور نامکمل ہیں۔ ایک پلیٹ فارم کی اشتہاری لائبریری میں دستیاب خصوصیات ضروری نہیں ہے کہ دوسرے پلیٹ فارم میں بھی دستیاب ہوں؛ یا آپ کے تلاش کے معیار پر پورا اترنے والے اشتہارات آپ کے نتائج میں ظاہر نہ ہوں، دیگر مسائل الگ ہیں۔
اس کے بارے میں مزید ذیل میں دیا جا رہا ہے۔ زیادہ تر، اشتہاری لائبریریاں آپ کو بتاتی ہیں:
- اشتہار کب چلا
- اشتہار میں کیا تھا: وہ کیسے نظر آتے تھے/کیا کہتے تھے
- یہ کس پلیٹ فارم پر چلا
- اشتہار دہندہ کون تھا، اور انہوں نے دوسرے کون سے اشتہارات چلائے ہیں
- یہ کس ملک (ممالک) میں دکھایا گیا
کچھ حالات میں آپ دیکھ سکتے ہیں:
- اشتہار جہاں لگا ہے وہاں کا یو آر ایل
- اشتہار کے لیے ادائیگی کرنے والے شخص یا ادارے کا نام
- اشتہار کے لیے ادائیگی کرنے والے شخص یا ادارے کی رابطہ معلومات
- تقریباً کتنی رقم خرچ کی گئی
- اضافی ٹارگیٹنگ ڈیٹا جیسا کہ جغرافیہ اور عمر کا گروپ
اشتہاری لائبریریوں کی فہرست
یہاں اس تحریر کے لکھے جانے کے وقت فعال اشتہاری لائبریریوں کی ایک فہرست دی جا رہی ہے، ان ممالک کے ناموں کے ساتھ جن میں وہ فی الحال کام کر رہی ہیں۔
- علی ایکسپریس (ای یو، یوکے)
- ایمازون (ای یو/ای ای اے)
- ایلفابیٹ (عالمی، استثنات کے ساتھ)
- ایپل ایپ سٹور (”مخصوص یورپی ممالک“)
- بنگ (ای یو/ای ای اے)
- بوکنگ ڈاٹ کام (ای یو/ای ای اے)
- لنکڈ ان (عالمی، استثنات کے ساتھ)
- میٹا (عالمی، استثنات کے ساتھ)
- پن ٹرسٹ (ای یو)
- سنیپ چیٹ (ای یو)
- ٹک ٹاک (عالمی، استثنات کے ساتھ بشمول امریکہ)
- زالانڈو (ای یو/ای ای اے، یو کے)
- ٹویٹر/ایکس (ای یو)
اشتہاری لائبریریوں کا موازنہ
اشتہاری لائبریریوں کے مسائل کو حالیہ موزیلا رپورٹ، مکمل انکشاف: ٹیک پلیٹ فارمز کے اشتہاری ذخائر کا دباؤ ٹیسٹ میں بیان کیا گیا ہے۔ انہوں نے 12 اشتہاری لائبریریوں کا ٹیسٹ کیا (مندرجہ بالا سب سوائے ایمازون کے) اور انہیں پتہ چلا کہ:
ان میں سے کوئی بھی مکمل طور پر فعال اشتہاری ذخیرہ نہیں ہے اور ان میں سے کوئی بھی محققین اور سول سوسائٹی گروہوں کو وہ ٹولز اور ڈیٹا فراہم نہیں کر سکے گا جو انہیں یورپ کے آنے والے انتخابات پر وی ایل اوز کے اشتہارات کے اثرات کی مؤثر نگرانی کے لیے درکار ہیں۔
غیر ای یو/ای ای اے ممالک کے لیے صورتحال زیادہ خراب ہے۔ صرف میٹا، گوگل اور لنکڈان ایسے اشتہارات تک رسائی فراہم کرتے ہیں جو بہت زیادہ ممالک میں چلے ہوں۔ لائبریریوں کے درمیان فرق کو ٹریک کرنا مشکل ہے، اس لیے میں ایک چارٹ (نیچے دیکھیں) بناتا ہوں جو ان کی کچھ اہم خصوصیات کو بیان کرتا ہے۔ (میں اسے اپ ڈیٹ رکھنے کی پوری کوشش کرتا ہوں۔)
کچھ چیزیں جن پر روشنی ڈالنا ضروری ہے:
- زیادہ تر اشتہاری لائبریریاں آپ کو جغرافیہ، تاریخ، اور اشتہار دہندہ کے نام یا جس اکاؤنٹ سے اشتہار لگایا گیا ہو، اشتہارات تلاش کرنے کی اجازت دیتی ہیں۔
- کچھ لائبریریاں آپ کو اشتہار کی شکل (ویڈیو، متن، وغیرہ) یا اشتہار کی قسم (انتخاب/مسائل، روزگار، وغیرہ) کے لحاظ سے فلٹر کرنے کی اجازت دیتی ہیں۔
- کئی لائبریریاں، بشمول گوگل کی، کی ورڈز کے ذریعے تلاش کی اجازت نہیں دیتیں۔ جی ہاں، گوگل کی اشتہاری لائبریری کی ورڈز کے ذریعے قابلِ تلاش نہیں ہے۔ امید ہے کہ اس فیچر پر کام ہو رہا ہوگا۔
- ای یو ممالک میں دکھائے گئے اشتہارات اضافی ٹارگیٹنگ معلومات پیش کر سکتے ہیں۔
- کچھ پلیٹ فارمز جیسے میٹا اور گوگل، اشتہار دہندگان سے تقاضا کرتے ہیں کہ اگر وہ سیاسی/سماجی مسائل کے اشتہارات چلانا چاہتے ہیں تو ایک خاص رجسٹریشن عمل سے گزریں۔ ایسے اشتہارات کو زیادہ طویل مدت (اکثر سات سال) کے لیے محفوظ کیا جاتا ہے، اضافی ٹارگیٹنگ معلومات دکھائی جاتی ہیں، اور اس بارے میں معلومات کا انکشاف کیا جاتا ہے کہ اشتہار کے لیے کس نے ادائیگی کی۔
- غیر سیاسی/مسائل کے اشتہارات کے لیے زیادہ تر لائبریریاں آپ کو وہ اشتہار دیکھنے کی اجازت دیتی ہیں جو پچھلے سال چلے ہوتے ہیں۔ تاہم، میٹا صرف وہ اشتہارات دکھاتا ہے جو فی الحال فعال ہیں۔ لہٰذا جب کوئی مہم چلنا بند ہو جاتی ہے تو اشتہارات لائبریری سے غائب ہو جاتے ہیں۔
- کچھ پلیٹ فارمز، جیسے ٹک ٹاک، کہتے ہیں کہ وہ سیاسی اشتہارات قبول نہیں کرتے۔ دوسرے جیسے گوگل، صرف کچھ ممالک میں انہیں قبول کرتے ہیں۔
بہت سارے فرق اور عدم مطابقت! یہ الجھا ہوا لگتا ہے کیونکہ یہ ہے۔
اشتہاری ڈیٹا
آئیے دو اشتہارات کا موازنہ کرتے ہیں۔ یہاں گوگل پر ڈزنی کا ایک اشتہار (نیچے) ہے جس کی سیاسی/مسئلہ اشتہار کے طور پر درجہ بندی نہیں کی گئی ہے:
آپ اشتہار اور اس ادارے کو دیکھ سکتے ہیں جس نے اسے چلایا ہے۔ آپ اشتہار دہندہ کے نام پر کلک کر کے اس کے تمام حالیہ اشتہارات بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اب یہاں ڈونلڈ ٹرمپ کی 2020 کی صدارتی مہم کا ایک سیاسی اشتہار (نیچے) ہے۔
اس بات پر غور کریں کہ آپ کو کتنی زیادہ معلومات ملتی ہیں؟
اپنے ورک فلو میں اشتہاری لائبریریوں کو شامل کرنا
اگر آپ انتخابات پر رپورٹنگ کر رہے ہیں تو اشتہاری لائبریریاں اہم ہیں۔ ورک فلو نسبتاً سیدھا ہے:
- اپنی دلچسپی کے تمام امیدواروں، جماعتوں، مسائل وغیرہ کی شناخت کریں۔ کی ورڈز، جملوں، اداروں اور اکاؤنٹس کی ایک فہرست بنائیں۔
- اشتہارات اور اکاؤنٹس کو ڈھونڈنے کے لیے اشتہاری لائبریریوں میں تلاش کریں۔
- متعلقہ اشتہارات کو محفوظ کریں اور بیانیوں، متعلقہ ویب سائٹوں وغیرہ کو نوٹ کریں۔
- اشتہار کے مواد، اکاؤنٹس، متعلقہ ویب سائٹوں اور دیگر اثاثوں پر مرکوز ہو کر دلچسپی کے نیٹ ورکس اور اداکاروں کی شناخت کریں۔
- دہرائیں۔
یہ کسی بھی بیٹ یا موضوع کے لیے کام کرتا ہے۔ میں تمام رپورٹرز اور محققین کو اپنے ورک فلو میں اشتہاری لائبریریوں کو شامل کرنے کی ترغیب دیتا ہوں۔ کوئی بھی شخص، کمپنی، یا ادارہ اشتہارات چلا سکتا ہے یا ان کا موضوع ہو سکتا ہے۔ جیسے ہی آپ یہ چیک کرتے ہیں کہ کیا کسی شخص نے کوئی کمپنی یا ڈومینز رجسٹر کی ہیں، آپ کو یہ دیکھنا چاہیے کہ کیا وہ ڈیجیٹل اشتہارات چلاتے ہیں، یا ان کا موضوع ہیں۔ یہی بات مسائل، موضوعات اور بیٹس کے لیے بھی درست ہے: وہ دلچسپ یا خبر کے قابل اشتہارات کا مرکز ہو سکتے ہیں۔
جیسا کہ اوپر ذکر کیا گیا ہے، پہلا قدم اشتہاری لائبریری کی سرچ بار میں استعمال کرنے کے لیے کی ورڈز کی ایک فہرست بنانا ہے۔ میں سرچ سٹرنگز تیار کرنے کے عمل کو شروع کرنے کے لیے ذیل کی اقسام میں کی ورڈز پر ذہنی آزمائش کرنے کا مشورہ دیتا ہوں۔
کچھ لائبریریاں کی ورڈز کی تلاش کی پیشکش نہیں کرتیں۔ یہ الجھانے والا عمل ہے لیکن ٹھیک ہے؛ آپ پھر بھی ممالک اور اشتہار دہندہ/اداروں کے ناموں اور اکاؤنٹس کی فہرستیں تیار کر سکتے ہیں۔
سیاسی/مسائل کے اشتہارات
آخری آپشن جسے نوٹ کرنا چاہیے وہ یہ ہے کہ میٹا اور گوگل انتخابی/مسائل کے اشتہارات اور اشتہار دہندگان کی تفصیلی تلاش اور تجزیہ کرنے کی صلاحیت پیش کرتے ہیں۔ میٹا اسپینڈنگ رپورٹ اور گوگل کے سیاسی اشتہار کے سیکشن کی ضرور چھان بین کرنی چاہیے۔ گوگل کے ساتھ آپ کو کسی سیاسی اشتہار دہندہ کے صفحے کو دیکھتے وقت انسائٹس ٹیب کی بھی رسائی حاصل کرنی چاہیے۔
یہ اس قسم کا ڈیٹا ہے جو آپ ٹرمپ کے گوگل اشتہار دہندہ کے صفحے کے انسائٹس ٹیب پر دیکھتے ہیں:
اور یہ اس قسم کا مجموعی ڈیٹا ہے جو آپ میٹا اسپینڈنگ رپورٹ میں دیکھ سکتے ہیں:
آخری مشورہ
اشتہاری لائبریریاں پلیٹ فارم کی شفافیت کی ایک خوش آئند شکل ہیں۔ لیکن وہ نامکمل اور غیر مستقل ہیں۔ یہ فرض نہ کریں کہ ان میں کسی خاص پلیٹ فارم کا ہر اشتہار شامل ہے یا یہ کہ کوئی پلیٹ فارم ہر سیاسی اشتہار دہندہ کو رجسٹر کرنے پر مجبور کر رہا ہے۔ تاہم، بہت سی چیزیں دراڑوں سے نکل جاتی ہیں۔ لیکن وہ تحقیق اور جوابدہی کا ایک موقع فراہم کرتی ہیں۔
کچھ آخری نکات:
- اشتہاری لائبریریوں کا استعمال کرتے وقت اپنے ایڈ بلاکرز کو بند کر دیں۔
- کی ورڈز کی جانچ اور دوبارہ جانچ کریں۔
- بار بار چیک کریں کیونکہ اشتہارات غائب ہو جاتے ہیں۔
- اسکرین شاٹس لیں۔
- جیسے جیسے آپ آگے بڑھیں نوٹس لیتے جائیں۔
- تلاش کریں، نگرانی کریں، محفوظ کریں، اور اپنائیں!
کیا میں نے اس حوالے سے کوئی نکتہ چھوڑ دیا؟ کیا آپ کے پاس شیئر کرنے کے لیے دیگر نکات ہیں؟ براہِ کرم انہیں تبصروں میں شامل کریں۔ یہ اشتہارات پر میرے آخری الفاظ نہیں ہیں: میں جلد ہی اشتہاری تحقیقات کے لیے چند تکنیکی ٹولز پیش کروں گا۔
یہ مضمون پہلے کریگ سلورمین کے سبسٹیک نیوز لیٹر، ڈیجیٹل انویسٹیگیشنز پر شائع ہوا تھا، یہ یہاں اجازت کے ساتھ دوبارہ پوسٹ کیا گیا ہے۔
اس تحریر کا اردو ترجمہ تحریم عظیم نے کیا یے اور اسے جی آئی جے این کی اردو ریجنل ایڈیٹر نے ایڈٹ کیا ہے۔
کریگ سلورمین پرو ریپبلیکا کے قومی رپورٹر ہیں، جو ووٹنگ، پلیٹ فارمز، ڈس انفارمیشن، اور آن لائن ہیرا پھیری کو کور کرتے ہیں۔ وہ پہلے بز فیڈ نیوز کے میڈیا ایڈیٹر رہ چکے ہیں جہاں انہوں نے ڈیجیٹل ڈس انفارمیشن کی کوریج میں جھنڈے گاڑے۔