

صحافیوں کے لیے ٹِپ شیٹ: او سی سی آر پی کے ایلیف سے فائدہ کیسے اٹھائیں
یہ مضمون ان زبانوں میں بھی دستیاب ہے
تحقیقاتی صحافت میں معلومات کے مختلف نکات کو جوڑنا اکثر سچائی کو بے نقاب کرنے کے لیے اہم ۔ہوتا ہے۔ آن لائن اور آف لائن دستیاب معلومات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے ساتھ صحافیوں کو دستاویزات، ریکارڈزاور ڈیٹا سیٹس کے وسیع مجموعوں کو دیکھنے اور استعمال کرنے کے لیے مؤثر طریقوں کی ضرورت ہے۔
ایلیف آرگنائزڈ کرائم اینڈ کرپشن رپورٹنگ پروجیکٹ (او سی سی آر پی) کے زیرِ اہتمام ایک پلیٹ فارم ہے۔ یہ تحقیقاتی صحافیوں کو مؤثر طریقے سے ڈیٹا تلاش کرنے، منظم کرنے اور اس کا تجزیہ کرنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ اس سے پیچیدہ تحقیقات میں چھپے ہوئے تعلقات کو تلاش کرنے میں آسانی ملنے لگی ہے — خاص طور پر جب "پیسے کا پیچھا” کرنے والی کہانیوں کی بات ہو جن میں کارپوریٹ جرائم اور بدعنوانی شامل ہوتی ہے۔ اور صرف یہ ہی نہیں، یہ پہلے سے ایسے ڈیٹا سیٹس سے بھرا ہوا ہے جو کیمنز میں شیل کمپنیوں، سوئٹزرلینڈ کے بینک اکاؤنٹس، آئل آف مین میں جیٹ کی ملکیت اور برے افراد کی دیگر پسندیدہ سرگرمیوں کا احاطہ کرتے ہیں۔
اگرچہ ایلیف کو تحقیقاتی صحافی وسیع پیمانے پر استعمال کرتے ہیں، تاہم بہت سے صحافی اس کے تمام فیچرز سے واقف نہیں ہیں یا اس کا استعمال کرنا ہی نہیں جانتے۔ یہ ٹِپ شیٹ آپ کو بتاتی ہے کہ اس پلیٹ فارم تک رسائی کیسے حاصل کی جائے، اس کے بنیادی اوزار استعمال کرنےاور ایڈوانس فیچرز جیسے کہ اداروں کا کراس ریفرنس اور نیٹ ورکس کو بصری شکل دینے سے فائدہ اٹھایا جائے۔
چاہے آپ ایلیف کے نئے صارف ہوں یا ایک تجربہ کار صارف، یہ مضمون آپ کو اس پلیٹ فارم کا بہترین استعمال کرنے کے لیے عملی مشورے فراہم کرتا ہے۔
ایلیف کیوں بنایا گیا؟
ایلیف — جس کا نام ہورہے لوئس بورخیس کی ایک مختصر کہانی سے لیا گیا ہے — او سی سی آر پی کے وسیع مشن کا حصہ ہے۔ اس کا مقصد رپورٹنگ میں شفافیت اور جوابدہی کو فروغ دینا ہے۔ اس پلیٹ فارم پر لاکھوں دستاویزات موجود ہیں جن میں کارپوریٹ رجسٹریوں، مالیاتی ریکارڈز، لیک شدہ معلومات اور قانونی دستاویزات کا ڈیٹا شامل ہے اور انہیں قابلِ تلاش اور باہم مربوط بناتا ہے۔
یہ پلیٹ فارم ان مشکلات کے جواب میں بنایا گیا ہے جن کا سامنا تحقیقاتی صحافیوں کو بڑے ڈیٹا سیٹس، خاص طور پر سرحد پار تحقیقات کے دوران، ہوتا ہے۔ صحافیوں کو ایک مرکزی ٹول کی ضرورت تھی جو معلومات کو ترتیب دے، پیٹرن تلاش کرےاور ان میں ایسے تعلقات کی نشاندہی کرے جو عام طور پر نظر انداز ہو سکتے ہیں۔ ایلیف اس عمل کو آسان بناتا ہے تاکہ صحافی ڈیٹا کے تجزیے اور اس سے حاصل کردہ نتائج پر توجہ مرکوز کر سکیں۔
ایلیف کے بننے کے بعد سے اس میں بہت ترقی ہوئی ہے۔ اس میں اب 200 سے زائد ڈیٹا سیٹس سے 40 کروڑ سے زیادہ دستاویزات شامل ہیں — اور یہ صرف اس کا عوامی حصہ ہے۔ مزید کئی ڈیٹا سیٹس مخصوص تحقیقات پر کام کرنے والے صحافیوں کے ساتھ خصوصی طور پر شیئر کیے جاتے ہیں۔ یہ ڈیٹا سیٹس سرحد پار مالی جرائم اور اعلیٰ سطحی بدعنوانی جیسے مسائل کو بے نقاب کرنے میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔
حقیقی دنیا کی مثالیں: ایلیف کا استعمال کرتے ہوئے تحقیقات
ایلیف نے کئی بڑی تحقیقاتی منصوبوں کی مدد کی ہے۔ آزر بائجانی لانڈرومیٹ میں صحافیوں نے اربوں ڈالر کا سراغ لگایا، جو شیل کمپنیوں کے ذریعے یورپی حکام کو رشوت دینے کے لیے استعمال کیے گئے تھے۔ سوئس سیکریٹس منصوبے نے ان خفیہ سوئس بینک اکاؤنٹس کو بے نقاب کیا جنہیں مجرموں اور بدعنوان حکام نے استعمال کیا تھا۔ حالیہ تحقیقات دبئی ان لاکڈ نے ظاہر کیا کہ کیسے بدعنوان سیاست دانوں اور مجرمان نے دبئی کی جائیداد مارکیٹ کو دولت چھپانے کے لیے استعمال کیا۔
ان تمام تحقیقات میں ایلیف کے کراس ریفرنسنگ ٹولز نے صحافیوں کو ان تعلقات کا پتہ لگانے میں مدد دی جو دوسری صورت میں پوشیدہ رہتے۔
ایلیف تک رسائی کیسے حاصل کریں؟
ایلیف تک رسائی مفت ہے۔ صحافی، محققین اور سول سوسائٹی کے اراکین او سی سی آر پی کی ویب سائٹ کے ذریعے رسائی کی درخواست کر سکتے ہیں۔ ہر درخواست کا ایک سٹاف کا رکن جائزہ لیتا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ایلیف کی خصوصیات تحقیقاتی مقاصد کے ساتھ ہم آہنگ ہیں۔ رسائی کے مختلف درجے موجود ہیں، کچھ ڈیٹا سیٹس چند منتخب صحافیوں تک محدود ہیں جبکہ دیگر عوام کے لیے دستیاب ہیں اور ان تک ویب سائٹ پر بغیر سائن اپ کیے براہ راست رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
جب آپ کو رسائی حاصل ہو جاتی ہے تو آپ مختلف قسم کے ڈیٹا سیٹس کا جائزہ لے سکتے ہیں، جیسے کارپوریٹ رجسٹریاں اور لیک شدہ معلومات۔ ایلیف آپ کو اپنی دستاویزات اپلوڈ کرنے کی بھی اجازت دیتا ہے جنہیں آپ پلیٹ فارم کے وسیع ڈیٹا بیس کے حوالے سے جانچ سکتے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ آپ اپنی اپلوڈ کردہ معلومات پر قابو برقرار رکھتے ہیں اور یہ فیصلہ کر سکتے ہیں کہ کون اس تک رسائی حاصل کر سکتا ہے — یا آپ ان دستاویزات کو اپنے ذاتی کام کی جگہ میں رکھنا چاہتے ہیں۔
شروعات: ایلیف کے ساتھ ابتدائی اقدامات
ایلیف کا انٹرفیس دستاویزات کی تلاش آسان بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ آپ متعلقہ معلومات کو جلد ڈھونڈنے کے لیے تلاش، فلٹر اور ٹیگ کر سکتے ہیں۔ نئے صارفین کے لیے دستاویزات کی تلاش کا فیچر بہترین نقطہ آغاز ہے۔ کی ورڈز، ناموں، یا مخصوص شناخت کنندگان کے ذریعے تلاش کریں اور تاریخ، دستاویز کی قسم یا سورس کے ذریعے نتائج کو محدود کرنے کے لیے فلٹرز استعمال کریں۔ یہ معلومات کی بڑی مقدار کو منظم کرنے میں مدد کرتے ہیں۔
کثیر لسانی معاونت ایک اور مفید خصوصیت ہے۔ ایلیف مختلف زبانوں میں دستاویزات کو پراسیس اور تلاش کر سکتا ہے اور آپٹیکل کریکٹر ریکگنیشن (او سی آر) کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے جس کی مدد سے اسکین شدہ تصاویر یا پی ڈی ایف فائلز قابلِ تلاش بن جاتی ہیں۔ سرحد پار تحقیقات میں ایلیف تلاش کے الفاظ کو مختلف زبانوں میں نقل کر سکتا ہے جیسے "Putin” تلاش کرتے وقت سیریلیک اسٹرنگ "Путин” کے نتائج واپس کرتا ہے۔ اس کا انٹرفیس خود سے ان زبانوں میں دستیاب ہے: انگریزی، جرمن، فرانسیسی، روسی، عربی اور ہسپانوی۔
ایلیف میں کون سا ڈیٹا شامل ہے؟
ایلیف میں 180 سے زائد ممالک کے ڈیٹا سیٹس شامل ہیں، خاص طور پر مشرقی یورپ اور سابق سوویت ریاستوں کے ڈیٹا سیٹس۔ او سی سی آر پی ڈیٹا سیٹس کو تازہ ترین رکھنے کے لیے خودکار اسکریپرز چلاتا ہے۔ تاہم، ڈیٹا کی دستیابی ملک کے لحاظ سے مختلف ہو سکتی ہے — کچھ علاقوں میں زیادہ تفصیلی ڈیٹا سیٹس دستیاب ہیں جبکہ دیگر میں ریکارڈ محدود یا نامکمل ہو سکتے ہیں۔
او سی سی آر پی کی تحقیق اور ڈیٹا ٹیم مقامی پارٹنر تنظیموں کے ساتھ مل کر متعلقہ معلومات جمع کرتی ہے، جن میں کمپنی رجسٹریاں اور سرکاری دستاویزات شامل ہیں۔ لیک یا ہیک کیے گئے ڈیٹا سیٹس بھی شامل کیے جاتے ہیں، لیکن ہر کیس ایک اخلاقی جائزے سے گزرتا ہے تاکہ اس کی عوامی اہمیت کا تعین کیا جا سکے۔
اہم بات یہ ہے کہ آپ کا اپنا ڈیٹا بھی ایلیف کی صلاحیتوں کو بڑھا سکتا ہے۔ دستاویزات اپلوڈ کر کے جیسے کہ ایف او آئی ریکارڈز یا لیکس، آپ اپنے نتائج کو موجودہ ڈیٹا سیٹس کے ساتھ کراس ریفرنس کر سکتے ہیں، جو آپ کو ایسے تعلقات تلاش کرنے میں مدد دیتا ہے جو عام طور پر نظرانداز ہو سکتے ہیں۔
ایلیف میں تلاش کرنے، فلٹرز استعمال کرنےاور الرٹس سیٹ کرنے کے بارے میں مزید تربیت کے لیے نیچے دی گئی ویڈیو دیکھیں۔
ایڈوانس فیچرز
ماہر صارفین کے لیے، ایلیف ایسی ایڈوانس خصوصیات پیش کرتا ہے جو تحقیقاتی کام کو بہتر بناتی ہیں۔ کراس ریفرنسنگ آپ کو مختلف ڈیٹا سیٹس کے درمیان افراد، کمپنیوں اور پتوں کو منسلک کرنے کی اجازت دیتا ہے جس سے سرحد پار کام کرنے والے نیٹ ورکس کی شناخت آسان ہو جاتی ہے۔
ایلف میں ایک ویژولائزیشن ٹول بھی شامل ہے جو صارفین کو اداروں کے درمیان تعلقات کا نقشہ بنانے میں مدد دیتا ہے نیٹ ورک ڈایاگرامز یا ٹائم لائنز بنا کر تعلقات اور کلیدی نتائج کو بصری شکل میں پیش کرتا ہے۔ یہ خصوصیات صحافیوں کو پیچیدہ ڈیٹا سیٹس کو زیادہ مؤثر طریقے سے دیکھنے، سمجھنے اور اپنی تحقیقات میں کلیدی تعلقات کی شناخت کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
اور انجینئرز کے لیے، ایلیف کا سورس کوڈ ایک اوپن سورس لائسنس کے تحت مفت دستیاب ہے۔ کئی تنظیمیں اپنا الگ سورس کوڈ ہوسٹ کرتی ہیں۔ ڈویلپرز کی ایک سرگرم کمیونٹی موجود ہے جو نئے فیچرز پر کام کرتی ہے اور کوڈ بیس کو برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے۔
او سی سی آر پی باقاعدگی سے ایلیف کے ایڈوانس فیچرز پر ورچوئل ٹریننگ سیشنز فراہم کرتا ہے۔ جو صحافی اس پلیٹ فارم کو مزید گہرائی میں سمجھنا چاہتے ہیں، وہ ان سیشنز میں شرکت کر سکتے ہیں۔
نتیجہ: ایلیف سے بہترین فائدہ اٹھانا
ایلیف ایک ایسا وسیلہ ہے جو صحافیوں کو وسیع ڈیٹا سیٹس میں تعلقات دریافت کرنے میں مدد دیتا ہے۔ ایلف کے موجودہ ڈیٹا کو اپنے مواد کے ساتھ ملا کر، آپ مزید گہری تحقیقات کر سکتے ہیں اور پیچیدہ نیٹ ورکس کو زیادہ مؤثر طریقے سے ٹریک کر سکتے ہیں۔ چاہے آپ نوآموز ہوں یا ایڈوانس فیچرز استعمال کرنا چاہتے ہوں، ایلیف ایک عملی ٹول ہے جو سرحد پار تحقیقاتی رپورٹنگ کی حوصلہ افزائی کے لیے بنایا گیا ہے۔
جان اسٹروچ او سی سی آر پی کے چیف ڈیٹا ایڈیٹر ہیں اور جرمنی میں مقیم ہیں۔ وہ تحقیق کی سربراہ کارینا شیڈروفاسکی کے ساتھ ریسرچ اور ڈیٹا ٹیم کی قیادت کرتے ہیں۔ وہ ایڈیٹوریل اور ڈیٹا ٹیمز کے ساتھ قریبی تعاون میں کام کرتے ہیں، ڈیٹا کے تجزیے کو مربوط کرتے ہیں اور ڈیٹا پر مبنی تحقیقات پر کام کرتے ہیں۔ اس سے پہلے وہ جرمن نیوز براڈکاسٹر این ڈی آر میں رپورٹر تھے، جہاں انہوں نے لکسمبرگ لیکس، پانامہ پیپرز، پیراڈائز پیپرز، فِن سین فائلز اور دیگر سرحد پار تحقیقات پر کام کیا۔