رسائی

ٹیکسٹ سائیز

رنگوں کے اختایارات

مونوکروم مدھم رنگ گہرا

پڑھنے کے ٹولز

علیحدگی پیمائش
VG, TikTok-bøddelen
VG, TikTok-bøddelen

The Norwegian news site VG's investigation into Sudanese militia violence looked into TikTok videos posted by the group and used the same platform to expand the reach of the story. Image: Screenshot, VG

رپورٹنگ

•

موضوعات

تحقیقاتی صحافت کو پلیٹ فارم سے ہم آہنگ کہانی گوئی میں منتقل کرنا

یہ مضمون ان زبانوں میں بھی دستیاب ہے

تحقیقاتی صحافت وقت طلب کام ہے۔ کسی بھی قابلِ اشاعت چیز کے تیار ہونے سے پہلے کئی مہینے دستاویز سازی، انٹرویوز اور معلومات کی تصدیق میں صرف ہو جاتے ہیں۔ مگر لوگوں کا خبروں کو ڈھونڈنے اور پڑھنے کا انداز زیادہ تر نیوز رومز کی توقعات سے کہیں زیادہ تیزی سے بدل چکا ہے۔ اب خبریں زیادہ تر سوشل میڈیا فیڈز میں، موبائل فونز پر، مختصر حصوں کی صورت میں اور دیگر سرگرمیوں کے درمیان دیکھی اور پڑھی جاتی ہیں۔

یہ تبدیلی تحقیقاتی صحافت کرنے والی ٹیموں کے لیے ایک حقیقی مسئلہ پیدا کر رہی ہے: آپ مہینوں میں ہونے والی ایک پیچیدہ تحقیق کو تیزی سے اسکرول کرنے والے قارئین کے لیے بنائے گئے فارمیٹ میں کس طرح تبدیل کر یں گے؟ اور آپ رپورٹنگ کی ساکھ خراب کیے بغیر یہ کام کس طرح سرانجام دیں گے ؟

زیادہ سے زیادہ نیوز رومز اب اس مسئلے کو محض مواد کو عوام تک پہنچانے کے معاملے سے زیادہ ایک اداریاتی سوال کے طور پرسمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ خبریں پیش کرنے کا انداز خود خبر کا حصہ بنتا جا رہا ہے۔ ۲۰۲۵ اور ۲۰۲۶ کی حالیہ مثالیں ظاہر کرتی ہیں کہ یہ رجحان اب محض تجرباتی مرحلے تک محدود نہیں رہا۔

تحقیقاتی صحافت کی ترسیل پر ازسرِنو غور

ناروے کا ۱۹۴۵ میں قائم ہونے والا ایک معروف ٹیبلوئڈ اخبار وی جی، ورڈنز گینگ، اس کی ایک عمدہ مثال ہے۔ یہ نیوز روم اپنی تحقیقاتی رپورٹنگ کو ٹک ٹاک اور انسٹاگرام کے لیے مختصر عمودی ویڈیوز کی شکل میں تبدیل کر رہا ہے۔ وہ ایسا بنیادی طور پر ان نوجوان سامعین تک پہنچنے کے لیے کر رہا ہے جو روایتی ذرائع سے خبریں حاصل نہیں کرتے۔

اس کی ایک ٹھوس اور حالیہ مثال وی جی کی ۲۰۲۵ کی سوڈانی ملیشیاؤں کے تشدد پر مبنی ٹک ٹاک-بوڈیلن تحقیق ہے۔ اس تحقیق میں ٹک ٹاک ویڈیوز صرف کہانی پھیلانے کا وسیلہ نہیں تھیں بلکہ خودشواہد کا حصہ بھی تھیں۔ اس پروجیکٹ نے ایک اہم حقیقت واضح کی: پلیٹ فارم-مقامی صحافت صرف پہلے سے موجود خبروں کو نئے فارمیٹ میں پیش کرنے کا نام نہیں ہے۔ بعض اوقات خود پلیٹ فارم ہی تحقیق کا حصہ بن جاتے ہیں ۔

بین الاقومی نیوز میڈیا ایسوسی ایشن  (آئی این ایم اے) کے مطابق وی جی کی مختصر دورانیے کی خبروں پر مبنی ویڈیوز نے ۲۰۲۴ میں کروڑوں ویوز حاصل کیے جبکہ ان میں سے متعدد ویڈیوز کے ناظرین میں ۱۸ سے ۲۴ سال کے نوجوانوں کا تناسب ۶۰ سے ۷۰ فیصد تھا۔ تاہم، اعداد و شمار اس پروجیکٹ کا سب سے دلچسپ حصہ نہیں ہیں۔ وی جی میں ناظرین کے تبصروں کو ادارتی عمل کا حصہ سمجھا جاتا ہے۔ صارفین کے سوالات اور ردِعمل آنے والے مواد کی سمت متعین کرتے ہیں اور کسی تحقیق کی عمر کو اس کی اشاعت کے بعد بھی بڑھانے میں مدد دیتے ہیں۔ اس طرح خبر اشاعت کے ساتھ ختم نہیں ہوتی۔

یہاں گرچہ ایک اور نکتہ قابلِ غور ہے۔ اس حکمتِ عملی کا وی جی کے لیے کام کرنا صرف اچھے مواد کا مرہونِ منت نہیں ہے۔ رائٹرزانسٹیٹیوٹ کی ۲۰۲۵ کی ڈیجیٹل نیوز رپورٹ کے مطابق ناروے روایتی خبر رساں اداروں میں نسبتاً زیادہ عوامی اعتماد کا حامل ہے اور اس پر آڈئینس کا یہ اعتماد ٹک ٹاک جیسے پلیٹ فارمز پر بھی منتقل ہوا ہے۔  ٹک ٹاک پر نارویجئین آڈئینس وی جی جیسے روایتی خبر رساں اداروں کو زیادہ فوقیت دیتے ہیں۔ یہ رویہ ان مارکیٹوں سے بالکل مختلف ہے جہاں کرئیٹرز، انفلوئنسرز اور سیاستدان ان پلیٹ فارمز پر بڑی تعداد میں موجود ہیں ۔ کوپن ہیگن میں منعقد ہونے والے نورڈک اے آئی اِن میڈیا سمٹ کے دوران وی جی کے مدیرِ اعلیٰ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر گارڈ اسٹائرو نے کہا کہ کہانی گوئی کی بنیادی قدر برقرار رکھتے ہوئے اس کے روایتی فارمیٹس پر دوبارہ غور کرنا ضروری ہے۔ وی جی کے لیے اس کا مطلب صحافت کو مختلف پلیٹ فارمز پر نئے انداز میں لا کر تقسیم کرنا ہے۔ فارمیٹ ایک پلیٹ فارم سے دوسرے پلیٹ فارم تک منتقل ہوتا ہے لیکن وہ اعتماد جو اس صحافت پر لوگوں کو ہوتا ہے، ہمیشہ اس کے ساتھ منتقل نہیں ہوتا۔

او سی سی آر پی کے پروجیکٹ سکیم ایمپائر اور بیڈ پریکٹس دکھاتے ہیں کہ یہ ایک بڑے  پیمانے پر کیسے نظر آتا ہے۔ یہ دونوں تحقیقات متعدد ممالک میں موجود شراکت دار اداروں کے تعاون سے تیار کی گئی تھیں اور ایک اشاعتی لمحے کے طور پر شائع ہونے کی بجائے ایک ساتھ مختلف فارمیٹس میں شائع ہوئی تھیں: تفصیلی رپورٹس، بصری وضاحتی مواد، سوشل میڈیا کے لیے مختصر تعارفی مواد اور مختلف ممالک کے مطابق تیار کیے گئے مقامی نسخے۔ ۲۰۲۵ سکیم ایمپائر تحقیق تقریباً دو ٹیرا بائٹس کے لیک شدہ ڈیٹا پر مبنی تھی۔ یہ تحقیق مکمل رپورٹ کے ساتھ سوشل میڈیا پر مختصر وضاحتی ویڈیوز اور معلوماتی گرافکس کی صورت میں آڈئینس تک پہنچی تھی۔ ایسے لوگ جو کبھی اس تحقیق کو نہ پڑھتے، انہوں نے بھی اس کے نتائج دیکھے تھے۔ ان پلیٹ فارمز نے صحافت میں اضافی داخلی راستے بنائے ہیں۔ انہوں نے موجودہ راستوں کو تبدیل نہیں کیا۔

ہر پلیٹ فارم کی اپنی منطق ہوتی ہے

ہر پلیٹ فارم نیوز رومز کو کہانی سنانے کے مختلف انداز کی طرف مائل کرتا ہے اور یہ فرق صرف تکنیکی نوعیت کے نہیں ہیں۔

انسٹاگرام منظم اور بصری اندازِ بیان کے لیے مفید ہے۔ کیروزل پوسٹس اور ریلز کی مدد سے صحافی کسی پیچیدہ تحقیق کو چھوٹے حصوں میں تقسیم کر سکتے ہیں۔ ہر حصہ پچھلے حصے سے آگے کی کہانی سناتا ہے۔ یہ (پلیٹ فارم) ماحول سے زیادہ صاف بات بتانے کو اہمیت دیتا ہے۔ ایسی رپورٹنگ جس میں مالیاتی نیٹ ورکس، ٹائم لائنز یا کئی تہوں پر مشتمل ڈیٹا موجود ہو، اس کا ایسا فارمیٹ کہانی سمجھنا بہت آسان بنا دیتا ہے۔

ٹک ٹاک نسبتاً کم گنجائش فراہم کرتا ہے۔ آپ کو کچھ ہی سیکنڈ میں ناظرین کی توجہ حاصل کرنی ہوتی ہے اور اس پلیٹ فارم کا انداز سیاق و سباق یا معاملے کی باریکیوں کے لیے زیادہ جگہ نہیں چھوڑتا۔ ٹک ٹاک کے مطابق خبر ڈھالنے کا مطلب صرف دورانیہ بدلنا نہیں ہے بلکہ کہانی سنانے کے انداز جیسے کہ ٹون اور رفتار میں بھی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ بعض نیوز رومز نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ سمجھوتا فائدہ مند نہیں ہے۔ یہ ہچکچاہٹ محض تکنیکی حدود کی وجہ سے نہیں ہے۔ یہ پلیٹ فارم کی ثقافت اور ادارتی شناخت کے درمیان موجود ایک حقیقی تناؤ کی عکاسی کرتی ہے۔

یوٹیوب اب بھی تفصیلی، طویل دورانیے کے انٹرویوز، ڈاکیومنٹریوں اور وضاحتی ویڈیوز کے لیے سب سے موزوں پلیٹ فارم ہے۔ یہ رپورٹرز کو موضوع کا مکمل سیاق و سباق قائم کرنے کا موقع دیتا ہے۔ بہت سے آزاد خبر رساں اداروں کے لیے یہ ان کا بنیادی ادارتی پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ یہ ان کے لیے صرف اضافی مواد پوسٹ کرنے کی جگہ نہیں رہا۔

ٹیلی گرام مختلف کردار ادا کرتا ہے۔ سیاسی طور پر محدود ماحول میں یہ ترقی کی بجائے تسلسل برقرار رکھنے کے ایک ذریعے کے طور پر کام کرتا ہے۔ ۲۰۲۶ میں جب روس میں پلیٹ فارمز پر پابندیاں مزید سخت ہوئیں تو دیگر ذرائع محدود ہونے کے باوجود ٹیلی گرام آزاد میڈیا اداروں کے لیے فعال رہا۔ اگرچہ یہ انسٹاگرام یا ٹک ٹاک کی طرح مواد کو وسیع پیمانے پر نہیں پھیلاتا لیکن جب دوسرے پلیٹ فارمز تک عوام کی رسائی محدود ہو جائے تو اس تک رسائی تب بھی موجود رہتی ہے۔

ترکی: جب پلیٹ فارم کی حکمتِ عملی بقا کی حکمتِ عملی بن جائے

اگست ۲۰۲۴ میں انسٹاگرام پر نو دن کے لیے پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ ۲۰۲۵ میں استنبول کے میئر اکرم امام اولو کی گرفتاری کے بعد ہونے والے احتجاج کے دوران ایکس، یوٹیوب، ٹک ٹاک، انسٹاگرام اور ٹیلی گرام سمیت متعدد پلیٹ فارمز تک رسائی کو طویل عرصے تک محدود کر دیا گیا تھا۔ ایسے آزاد خبر رساں ادارے جو کسی ایک پلیٹ فارم پر حد سے زیادہ انحصار کرتے تھے، انہوں نے ایک ہی رات میں اپنی آ ڈئینس کھو دی۔ ایسے حالات میں مختلف پلیٹ فارمز پر موجود ہونا آگے بڑھنے کی حکمت عملی نہیں ہے۔ یہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کی منصوبہ بندی ہے۔

استنبول میں قائم آزاد، ڈیجیٹل-فرسٹ خبر رساں پلیٹ فارم میڈیاسکوپ ان ابتدائی اداروں میں سے ایک تھا جنہوں نے یہ بات سمجھ لی تھی۔اگرچہ یہ کسی باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت نہیں کیا گیا تھا۔ ۲۰۱۵ میں صحافی روشن چاکر نے مین اسٹریم میڈیا سے علیحدگی کے بعد اس ادارے کی بنیاد رکھی  تھی۔ اس ادارے نے ابتدا ہی سے اپنا ماڈل یوٹیوب اور براہِ راست نشریات پر استوار رکھا تھا۔ یہ دراصل کوئی تخلیقی انتخاب نہیں تھا۔ ترکی کے نشریاتی نظام کا ڈھانچہ آزاد آوازوں کے لیے بند ہو گیا تھا۔  ملک کے میڈیا نگران ادارے آر ٹی یو کے سے لائسنس حاصل کرنا نہ صرف مہنگا تھا بلکہ سیاسی طور پر بھی سخت پابندیوں کے تابع تھا۔ اشتہارات کی آمدنی کا بڑا حصہ حکومت نواز اداروں کو چلا جاتا تھا۔ پورا نظام ایسی صحافت کو جگہ دینے کے لیے نہیں بنا تھا جو سیاسی طور پر ہم آہنگ نہیں ہے۔ یوٹیوب نے ایسا نشریاتی ماڈل فراہم کیا جس کے لیے لائسنس درکار نہیں تھا اور جسے روایتی نشریات کے مقابلے میں نگران اداروں کے لیے براہِ راست قابو کرنا بھی زیادہ مشکل تھا۔

اس کا نتیجہ ایک ایسے ادارے کی صورت میں سامنے آیا جو آج بھی سوشل میڈیا آپریشن سے زیادہ ایک ٹیلی وژن نیوز روم کے طور پر نظر آتا ہے۔ طویل مباحثے، براہِ راست سیاسی تجزیے اور تفصیلی انٹرویوز اس کی پہچان بن چکے ہیں۔ میڈیاسکوپ نے اپنی بنیادی ڈھانچہ سازی کو نئے حالات کے مطابق ضرور ڈھالا ہے لیکن اپنے کہانی سنانے کا انداز تبدیل نہیں کیا ہے۔ پلیٹ فارم-مقامی صحافت کو سمجھنے کے لیے یہی ایک اہم بنیادی فرق ہے۔

ٹی ٹوئنٹی فور نے مختلف راستہ اختیار کیا لیکن وہ بھی آخر میں اسی مقام پر پہنچا۔ اس ادارے کا آغاز ایک ویب-فرسٹ نیوز سائٹ کے طور پر ہوا تھا۔ یوٹیوب پر اس کی موجودگی کسی واضح حکمتِ عملی کے بجائے بتدریج آگے بڑھی تھی۔ آج ٹی ٹوئنٹی فور کے یوٹیوب چینل کے ڈھائی لاکھ سے زائد سبسکرائبرز ہیں اور اس کے چینل پر انٹرویوز پر اور تجزیاتی پروگراموں پر مبنی چودہ ہزار سے زیادہ ویڈیوز موجود ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ترقی کسی دانستہ پلیٹ فارم تبدیلی کا نتیجہ نہیں تھی۔ ایسا اس لیے ہوا کہ ناظرین پہلے ہی یوٹیوب پر طویل دورانیے پر مشتمل سیاسی مباحث تلاش کر رہے تھے اور ٹی ٹوئنٹی فور انہیں وہ مواد فراہم کرنے کے لیے وہاں موجود تھا۔ یوٹیوب کا پلیٹ فارم ان کی ادارتی شناخت کے ہم آہنگ تھا، اس کے الٹ نہیں تھا۔

آن لائن خبر رساں ویب سائٹ دیکن متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سرگرم ہے مگر اس کی بنیاد اب بھی تحریری مضامین ہیں۔ سوشل میڈیا بنیادی طور پر مواد کو زیادہ لوگوں تک پہنچاتا ہے اور قارئین کو وہاں سے ویب سائٹ پر لے جاتا ہے۔ تاہم اس ماڈل کی کمزوری اس وقت واضح ہوئی جب زلزلے کی کوریج سے متعلق عدالتی حکم کے بعد ایکس نے دیکن کے مواد پر پابندی لگا دی۔ کسی ایک پلیٹ فارم پر تعمیر کی گئی رسائی بہت تیزی سے اور بغیر کسی پیشگی اطلاع کے ختم ہو سکتی ہے۔

بیانیٹ آہستہ آہستہ انسٹاگرام پر زیادہ بصری مواد کی طرف بڑھ رہا ہے لیکن اس کا انداز اب بھی محتاط ہے۔ ترکی کے بیشتر آزاد میڈیا ادارے طویل اور تجزیاتی صحافت کی بنیاد پر قائم ہوئے تھے۔ ایسی اداراتی شناخت کو ان پلیٹ فارمز پر منتقل کرنا آسان نہیں ہے جہاں رفتار اور فوری جذباتی ردِعمل کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔ تییت کا معاملہ بالکل مختلف ہے۔ انقرہ میں قائم حقائق کی جانچ کرنے والے اس ادارے نے ٹک ٹاک سے ترکی کے دوسرے کسی بھی آزاد خبر رساں ادارے کے مقابلے میں زیادہ فائدہ اٹھایا ہے۔ اور اگر حقائق جانچنے کے عمل کو دیکھا جائے تو یہ بات قابلِ فہم بھی ہے۔ ۲۰۲۳ میں تییت نے ٹک ٹاک پر ۱۵۷ ویڈیوز شائع کیں جنہیں تقریباً ایک کروڑ بیس لاکھ مرتبہ دیکھا گیا اور جن پر ایک لاکھ ساٹھ ہزار کے قریب تعاملات ہوئے۔ یہ تمام مواد ترکی کی حالیہ تاریخ کے نہایت اہم اور مشکل خبروں والے ادوار میں تیار کیا گیا تھا جن میں ۶ فروری کے زلزلے، ۲۰۲۳ کے صدارتی انتخابات اور جاری علاقائی تنازعات شامل تھے۔ خاص طور پر زلزلے پر ردِعمل کے دوران تییت کی مختصر تصدیقی ویڈیوز حقیقی وقت میں گردش کر رہی تھیں اور اس وقت گردش میں موجود گمراہ کن معلومات کا جواب دے رہی تھیں جب عوام میں شدید بے یقینی موجود تھی۔ اس فارمیٹ کی رفتار اور ماڈیولر ساخت اس لمحے کی ضرورت سے پوری طرح ہم آہنگ تھی۔

فیکٹ چیکر اویکُم ہما کیسکن نے پوئنٹر میں شائع ہونے والے ۲۰۲۴ کے ایک بیانیہ مضمون میں تییت کی اس حکمتِ عملی کے بارے میں لکھا تھا۔ اس مضمون کا عنوان “جی ہاں،آپ ٹک ٹاک پر بھی حقائق کی جانچ کر سکتے ہیں” تھا۔ “ہم نے رقص کیا جب وقت صحیح تھا، مزاحیہ فلٹرز کے ساتھ کھیلا اور کبھی کبھار اپنے تفصیلی تجزیے کو چند سیکنڈ کے ٹرینڈنگ مختصر کلپس میں سمیٹنے کی کوشش کی۔”

حقائق جانچنے والے مواد کی ساخت مختصر ویڈیو کے لیے فطری طور پر موزوں ہوتی ہے: یہ دعویٰ ہے، یہ ہماری تحقیق ہے اور یہ اس کا جواب ہے۔ ٹک ٹاک کے لیے اسے ڈھالنا چھ ماہ پر محیط بدعنوانی کی تحقیق کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان ہے۔ تییت کی ٹک ٹاک پر کامیابی صرف اس کے فارمیٹ کے ساتھ تخلیقی انداز اختیار کرنے کی وجہ سے نہیں ہوئی۔ یہ حقائق جانچنے کے عمل اور ٹک ٹاک کے ریوارڈ کے درمیان فطری مطابقت کی وجہ سے ممکن ہو سکی ہے۔ نئے ادارے جیسے کہ ڈوئچے ویلے کی قیادت میں قائم ہونے والے نیوز چینل +۹۰ ایک اور  مختلف طریقے کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ان کا مواد انسٹاگرام کے لیے بنایا گیا روائیتی صحافتی مواد کم اور ایسا صحافتی مواد  زیادہ لگتا ہے جو شروع سے ہی اس فارمیٹ کے لیے بنایا گیا ہو ۔ یہ ایک چیز نہیں ہے اور ان دونوں طریقہ کار کے درمیان فرق میڈیا کے منظر نامے کے بدلنے کے ساتھ زیادہ اہم ہوتا جائے گا۔

مختلف دباؤ، ایک مشترکہ مسئلہ

ناروے اور ترکی میں نیوز رومز پلیٹ فارم کے مطابق کہانی سنانے کے انداز میں سرمایہ کاری ایک ہی وجہ سے نہیں کر رہے۔

وی جی میں اس کا مقصد بالکل واضح ہے: نوجوان قارئین کو تحقیقاتی صحافت اب خود سے نہیں مل پا رہی۔ اگر رپورٹنگ ان تک وہاں نہ پہنچے جہاں وہ موجود ہیں تو وہ بالکل ان تک نہیں پہنچ پاتی۔ ترکی کے حوالے سے جنوری ۲۰۲۶ کی نیوز لیب ترکی کی رپورٹ نے اسے صاف انداز میں بیان کیا ہے: ملک میں آزاد صحافت اب پائیدار کاروبار قائم کرنے سے زیادہ ملک میں مسلسل جاری سیاسی اور معاشی دباؤ میں کام جاری رکھنے کے طریقے ڈھونڈنا ہے۔ مختلف پلیٹ فارمز پرموجودگی اختیار کرنے کا مقصد صرف اپنی اہمیت برقرار رکھنا نہیں ہے بلکہ لوگوں تک مسلسل رسائی حاصل کرنا ہے۔

لیکن دونوں طرح کے دباؤ آخرکار ایک ہی ادارتی نتیجے تک پہنچتے ہیں: ایسی صحافت جسے مختلف شکلوں میں، متعدد ذرائع کے ذریعے، ان قارئین تک پہنچایا جائے جو اسے بالکل مختلف حالات اور پلیٹ فارمز پر دیکھتے ہیں۔ کسی تحقیقاتی رپورٹ کو ٹک ٹاک کے ناظرین یا ٹیلی گرام کے صارفین کے لیے ڈھالنا ایک حقیقی ادارتی عمل ہے۔ اس کے لیے محض ڈیزائننگ کی مہارتوں کی ضرورت نہیں ہے بلکہ فیصلہ سازی کی ضرورت ہوتی ہے۔

وہ سوال جس پر بیشتر نیوز رومز اب بھی غور کر رہے ہیں، یہ نہیں ہے کہ آیا پلیٹ فارم کے مطابق تبدیل ہوا جائے بلکہ یہ ہے کہ ترجمے کے بعد کتنی صحافت باقی بچتی ہے۔


میروا آریسوئے ِ گرین پیس میڈیٹیرینین اور آکسفیم ِ کے ای ڈی وی جیسی غیر سرکاری تنظیموں میں ڈیجیٹل کمیونیکیشنز کے شعبے سے وابستہ رہی ہیں۔ وہاں انہوں نے اپنی توجہ پیچیدہ موضوعات کو وسیع تر سامعین کے لیے قابلِ رسائی اور قابلِ فہم  انداز میہں ڈھالنے پر مرکوز رکھی تھی۔

ہمارے مضامین کو تخلیقی العام لائسنس کے تحت مفت، آن لائن یا پرنٹ میں دوبارہ شائع کریں۔

اس آرٹیکل کو دوبارہ شائع کریں


Material from GIJN’s website is generally available for republication under a Creative Commons Attribution-NonCommercial 4.0 International license. Images usually are published under a different license, so we advise you to use alternatives or contact us regarding permission. Here are our full terms for republication. You must credit the author, link to the original story, and name GIJN as the first publisher. For any queries or to send us a courtesy republication note, write to hello@gijn.org.

اگلی کہانی پڑھیں