چین پر رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کے لیے اوپن سورس ڈیٹا بیسز کے ذریعے اس ملک کو سمجھنا پہلے سے کہیں زیادہ اہم اور ساتھ ہی ساتھ مشکل بھی ہو گیا ہے۔ 1.4 ارب افراد کی آبادی اور 17 ٹریلین امریکی ڈالر سے زائد مالیت کی دنیا کی دوسری بڑی معیشت کے ساتھ چین ایک عالمی سپر پاور کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔ چینی کارپوریٹ کمپنیوں کی سرگرمیاں، حکومتی پالیسیاں اور بین الاقوامی سرمایہ کاری ہر شعبے کی خبروں پر براہ راست اثر ڈالتی ہیں چاہے وہ کاروبار ہو، ٹیکنالوجی ہو، انسانی حقوق ہوں یا قومی سلامتی ہو۔ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو جیسے کھربوں ڈالر کے انفراسٹرکچر منصوبوں اور تیزی سے بڑھتی ہوئی فوجی موجودگی کے ذریعے چین کے عالمی اثر و رسوخ میں اضافے کا مطلب یہ ہے کہ دنیا بھر کے نیوز رومز کے لیے چینی اداروں پر جامع رپورٹنگ ناگزیر ہو چکی ہے تاکہ وہ اپنی آڈئینس کو ان پیش رفتوں سے باخبر رکھ سکیں جو ان کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرتی ہیں۔
چین کے بارے میں قابلِ اعتماد معلومات کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے باوجود حالیہ برسوں میں چین سے بین الاقوامی رپورٹنگ کا ماحول تیزی سے خراب ہوا ہے۔ دو ہزار کی دہائی کے اواخر سے تحقیقاتی رپورٹنگ کرنے والے مقامی میڈیا پر پابندیاں بتدریج سخت ہوتی گئیں۔ میڈیا انڈسٹری میں کمرشل دباؤ نے اس صورتِ حال کو مزید خراب کیا۔ ۲۰۱۲ کے اواخر میں شی جن پنگ کے اقتدار میں آنے کے بعد ملکی قیادت نے نسبتاً آزاد میڈیا رپورٹنگ پر مزید دباؤ ڈالنے کی کوشش کی۔ مقامی میڈیا پر قدغنوں کے بعد غیر ملکی پریس کے کام پر بھی سخت پابندیاں عائد کی گئیں حالانکہ انہوں نے سرکاری دستاویزات، سوشل میڈیا پوسٹس اور کارپوریٹ ریکارڈز کے ذریعے چینی کمیونسٹ پارٹی کے اعلیٰ عہدیداروں کے اثاثوں کو بے نقاب کیا تھا اور ایغور اقلیت کے خلاف سنکیانگ جیسے علاقوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا انکشاف کیا تھا۔
رپورٹنگ کے خلاف چین کی مزاحمت ایک دوہری حکمتِ عملی کے تحت سامنے آئی ہے۔ ایک جانب حکام نے ڈیٹا بیسز تک رسائی محدود کر کے اور معلومات کے انکشافات کم کر کے معلومات کو ماخذ کی سطح پر ہی روکنے کی کوشش کی جبکہ دوسری جانب وسیع پیمانے پر انٹرنیٹ سنسرشپ اور نگرانی کے ذریعے بھی قدغنیں لگائی گئیں۔ اکیڈیمک تحقیق سے ظاہر ہوتا ہے کہ چینی حکام سرکاری پالیسی دستاویزات عوام کے لیے جاری کرنے سے بڑھتے ہوئے گریز کر رہے ہیں۔ اعلیٰ سطح کی اسٹیٹ کونسل دستاویزات کے انکشاف کی شرح ۲۰۱۸ میں ۸۸ فیصد سے کم ہو کر ۲۰۲۲ میں ۵۴.۵ فیصد تک آ گئی ہے۔ دوسری طرف غیر ملکی صحافیوں کے کام کو براہِ راست طریقوں سے روکنے کی منظم کوششیں بھی کی گئیں جیسے جسمانی ہراسانی، ویزا منسوخی یا ملک بدری کی دھمکیوں کے ذریعے یا بالواسطہ طور پر شہریوں کو صحافیوں سے بات کرنے سے روک کر۔ حتیٰ کہ بعض معاملات میں ذرائع پر دباؤ ڈالا گیا کہ وہ اپنی رضامندی سے انٹرویو دینے کے باوجود صحافیوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔ قوم پرستی اور قومی سلامتی کے بیانیے کے ذریعے صحافیوں بشمول غیر ملکی صحافیوں کو ہراساں کرنا کسی حد تک معمول بنا دیا گیا ہے۔
یہ دوہری پابندیاں حکومت کی شفافیت سے متعلق چین کے سابقہ وعدوں سے منظم پسپائی کی عکاسی کرتی ہیں اور ان کے مسلسل نفاذ نے چین میں بین الاقوامی رپورٹنگ کے منظرنامے کو بنیادی طور پر بدل دیا ہے۔ اس صورتِ حال نے اس بات کی ضرورت کو جنم دیا ہے کہ چین پر رپورٹنگ کے لیے نئے اور تخلیقی طریقے اپنائے جائیں چاہے رپورٹر جسمانی طور پر وہاں موجود نہ بھی ہو۔
یہ گائیڈ صحافیوں کو چین سے متعلق تحقیقات کے لیے قیمتی معلوماتی ذرائع سے متعارف کراتی ہے اور مؤثر اور مستند سورسز پر مبنی خبریں تیار کرنے کے لیے ان مواد تک رسائی اور ان کے مؤثر استعمال کے عملی طریقے بتاتی ہے۔
باہر سے رپورٹنگ کرنا
چین کی سرحدوں سے باہر کام کرنے والے صحافی جو دور بیٹھ کر تحقیق کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ان کے لیے اس ملک کا منفرد انٹرنیٹ ڈھانچہ اضافی رکاوٹیں پیدا کرتا ہے۔ تکنیکی سائبر کنٹرولز کا ایک پیچیدہ نظام جسے گریٹ فائر وال کہا جاتا ہے معلومات پر خود مختاری کی وسیع تشریحات نافذ کرنے کے سخت اقدامات کے ساتھ مل کر تحقیق کے بہت سے معیاری طریقوں اور اوپن سورس انٹیلی جنس (او ایس آئی این ٹی) کے روایتی طریقہ کار کو بڑی حد تک غیر مؤثر بنا دیتا ہے۔ دیگر آمرانہ ریاستوں کے برعکس جہاں وی پی این اور دیگر متبادل ذرائع مؤثر رسائی فراہم کر دیتے ہیں، چین میں جدید سنسرشپ کا نظام، سائبر سیکیورٹی قانون کے تحت اصلی نام سے لازمی رجسٹریشن، جیو بلاکنگ کے طریقہ کار اور پلیٹ فارم مخصوص رسائی پر دباؤ تحقیقاتی رکاوٹیں کھڑی کرتے ہیں جن سے نمٹنے کے لیے خصوصی طریقوں کی ضرورت ہوتی ہے۔
اسی طرح چین کا خود کفیل سوشل میڈیا نظام جس میں ویبو، وی چیٹ، شیاوہونگ شو اور ڈویِن جیسے پلیٹ فارم شامل ہیں سخت ضوابط کے تحت کام کرتا ہے۔ اس نظام کے تحت اصلی نام سے رجسٹریشن کی شرط اور انٹرنیٹ نیوز سروسز کے انتظام سے متعلق قواعد میں درج آزاد خبر جمع کرنے پر پابندیاں شامل ہیں۔ یہ تمام اقدامات غیر ملکی صحافیوں اور محققین کے لیے روایتی سوشل میڈیا مانیٹرنگ اور ذرائع کی تیاری کو انتہائی مشکل بنا دیتے ہیں۔
زبان کی رکاوٹ شاید چین پر تحقیق کرنے والے بین الاقوامی صحافیوں کے لیے سب سے بنیادی چیلنج ہے۔ رپورٹرز کو جہاں ممکن ہو چینی زبان کے ذرائع کو ترجیح دینی چاہیے کیونکہ سرکاری ویب سائٹس، کارپوریٹ اعلانات اور خبروں کے انگریزی ورژنز میں اکثر وہ اہم تفصیلات شامل نہیں ہوتیں جو اصل چینی متن میں موجود ہوتی ہیں اور یہی تفصیلات اکثر کسی خبر کو اہم بناتی ہیں۔
چینی زبان نہ جاننے والے صحافیوں کے لیے گوگل ٹرانسلیٹ کی براؤزر ایکسٹینشن ایک عملی نقطہ آغاز فراہم کرتی ہے۔ یہ ایکسٹینشن خبر کی ابتدائی تیاری اور ذرائع کی شناخت کے لیے مناسب حد تک درست ترجمہ مہیا کرتی ہے۔ تاہم جب اشاعت کے لیے درست اقتباسات اور مخصوص تفصیلات درکار ہوں تو کولون میں قائم کمپنی ڈیپ ایل ایس ای کی تیار کردہ نیورل مشین ٹرانسلیشن سروس ڈیپ ایل بہتر معیار کا ترجمہ فراہم کرتی ہے۔ اس سروس نے پیشہ ور مترجمین اور محققین میں خاصی پذیرائی حاصل کی ہے جبکہ چیٹ جی پی ٹی، کلاڈ اور جیمینی جیسے اے آئی ماڈلز بھی اکثر سیاق و سباق کے مطابق ترجمہ فراہم کرتے ہیں خصوصاً پیچیدہ سیاسی اور تکنیکی مواد کے لیے۔ تاہم صحافیوں کو اس بات سے آگاہ رہنا چاہیے کہ اے آئی ماڈلز کے استعمال میں بعض حدود، ڈیٹا پرائیویسی سے متعلق تحفظات اور ممکنہ عدم تسلسل موجود ہو سکتا ہے جس کے باعث منظم ورک فلو میں شمولیت کے لیے باقاعدہ ترجمہ سروسز زیادہ موزوں ثابت ہوتی ہیں۔ چینی ذرائع کے ذریعے اہم افراد، کمپنیوں یا سرکاری عہدیداروں کی نشاندہی کے بعد صحافی سیاق و سباق اور تصدیق فراہم کرنے کے لیے اضافی انگریزی زبان کی کوریج، ریگولیٹری فائلنگز اور ماہرین کے ذرائع تک رسائی کے لیے سرچ انجنز اور بین الاقوامی ڈیٹا بیسز جیسے فیکٹیوا، نیکسز یونی، ایکسس ورلڈ نیوز اور بلومبرگ ٹرمینل کا استعمال کرتے ہوئے اپنی رپورٹنگ کو وسعت دے سکتے ہیں۔
اس گائیڈ میں بیان کردہ ذرائع اور طریقوں کی مدد سے چینی اداروں سے متعلق بے شمار تحقیقی کہانیاں دریافت کی جا سکتی ہیں بشرطیکہ صحافی مناسب تکنیکی طریقوں پر عبور حاصل کریں، تخلیقی انداز میں کام کریں اور سب سے اہم یہ کہ میڈیا ادارے ایسی کہانیوں کی حوصلہ افزائی کریں۔ درپیش سخت چیلنجز کے باوجود چینی اداروں پر تحقیقی رپورٹنگ نہ صرف ممکن ہے بلکہ ناگزیر بھی ہے تاکہ عالمی ناظرین کو دنیا کی ایک بااثر مگر غیر شفاف طاقت کے بارے میں آگاہ رکھا جا سکے۔
حصہ اول: سرکاری حکومتی دستاویزات | بنیادی معلوماتی ڈھانچہ
بڑھتی ہوئی پابندیوں کے باوجود حکومتی ویب سائٹس اب بھی چینی کمپنیوں اور ان کی سرگرمیوں حتیٰ کہ حساس علاقوں میں ہونے والی سرگرمیوں کو سمجھنے کے لیے سب سے قابلِ اعتماد ذرائع میں سے ایک ہیں۔ سنکیانگ جیسے نہایت حساس موضوعات پر بھی کمپنیوں کی سرگرمیوں سے متعلق معلومات اکثر مکمل طور پر چھپانے کے بجائے سرکاری اعلانات اور ریاستی میڈیا کی رپورٹس میں دستیاب ہوتی ہیں۔
دی نیویارک ٹائمز کی سنکیانگ لیبر ٹرانسفر پروگرامز سے متعلق تحقیق میں یہ انکشاف کیا گیا کہ کس طرح کمپنیوں نے پابندیوں سے بچتے ہوئے عالمی سپلائی چینز کو خدمات فراہم کیں۔ یہ اس طریقۂ کار کی ایک واضح مثال ہے۔ زمینی سطح پر رپورٹنگ کے ساتھ ساتھ اس تحقیق کی ایک اہم بنیاد حکومتی اور کارپوریٹ اعلانات اور سرکاری میڈیا کی کوریج پر قائم تھی۔
ذیل میں چینی کمپنیوں سے متعلق عوامی معلومات تک رسائی کے چند اہم ذرائع بیان کیے گئے ہیں۔
کارپوریٹ رجسٹریشن اور ریگولیٹری ریکارڈز
چین میں تمام کارپوریٹ معلومات جامع فائلوں میں محفوظ کی جاتی ہیں جو قانونی دستاویزات کے طور پر سرکاری ریگولیٹری اداروں کے پاس موجود ہوتی ہیں۔ انہیں مین لینڈ چین میں کاروباری اور تجارتی آرکائیوز کہا جاتا ہے۔ ریگولیٹری ادارے مخصوص ویب سائٹس پر کمپنیوں سے متعلق بنیادی معلومات شائع کرتے ہیں۔ ان میں شیئر ہولڈرز کے نام، ڈائریکٹرز کے نام اور ایکویٹی میں ہونے والی تبدیلیاں شامل ہوتی ہیں۔ نیشنل انٹرپرائز کریڈٹ انفارمیشن پبلسٹی سسٹم اس معلومات تک عوامی رسائی کا مرکزی ذریعہ ہے۔ یہ چین کے تمام صوبوں اور میونسیپلٹیوں میں کمپنیوں کی رجسٹریشن سے متعلق سرکاری ڈیٹا فراہم کرتا ہے۔ اس میں کمپنی کے قیام کی تاریخ، رجسٹرڈ سرمایہ، قانونی نمائندہ، کاروباری دائرہ کار اور انتظامی سزاؤں سے متعلق معلومات شامل ہوتی ہیں۔ کمپنی کی معلومات تلاش کرنے کے آلات کے استعمال سے متعلق تفصیلی رہنمائی حصہ دوم میں دی گئی ہے۔
ریگولیٹری ایجنسیوں کے معلوماتی نظام
چین کے قانونی فریم ورک کے تحت کمپنیاں سرکاری اور غیر سرکاری زمروں میں تقسیم کی گئی ہیں۔ سرکاری کمپنیوں کے لیے معلومات کی فراہمی مخصوص انکشافاتی چینلز اور قواعد کے تحت ہوتی ہے۔ اور یہ قواعد چائنا سیکیورٹیز ریگولیٹری کمیشن کے مقرر کردہ پلیٹ فارمز کے ذریعے نافذ کیے جاتے ہیں۔ غیر سرکاری کمپنیاں بڑی حد تک سرکاری ریگولیٹری انکشافات پر انحصار کرتی ہیں کیونکہ زیادہ تر کارپوریٹ سرگرمیوں کے لیے مختلف سرکاری ریگولیٹری اداروں میں فائلنگ اور جانچ پڑتال لازم ہوتی ہے تاکہ قانونی تقاضے پورے کیے جا سکیں۔ معلومات کی اہم اقسام میں شامل ہیں:
ڈیٹابیس/اتھارٹی |
ویب سائٹ لنک |
مقصد/مواد |
دانشورانہ ملکیت اور ڈیجیٹل اثاثے |
||
ٹریڈ مارک رجسٹریشن |
قومی ٹریڈ مارک رجسٹریشنز اور درخواستیں |
|
پیٹنٹ ڈیٹابیس |
پیٹنٹ فائلنگز اور دانشورانہ ملکیت کے ریکارڈ |
|
آئی سی پی اور ڈومین رجسٹریشن |
ویب سائٹ رجسٹریشن اور ڈومین ملکیت کا ڈیٹا |
|
قدرتی وسائل اور ماحولیات |
||
اراضی لین دین کا پلیٹ فارم |
جائیداد کی منتقلی اور اراضی کے استعمال کے حقوق |
|
ماحولیاتی منظوری |
ماحولیاتی اثرات کے جائزے اور ضابطہ جاتی تعمیل |
|
آلودگی کے اخراج کے اجازت نامے |
ماحولیاتی اخراج کی اجازت نامے |
|
کاروباری لائسنس اور اجازت نامے |
||
ٹیلی کمیونی کیشن اجازت نامے |
ٹیلی کام آپریٹنگ لائسنسز اور اجازت نامے |
|
کمرشل فرنچائزنگ |
فرنچائز کاروبار کی اجازتیں |
|
ڈائریکٹ سیلز لائسنسنگ |
ڈائریکٹ سیلز کمپنیوں کے اجازت نامے |
|
تعمیرات و انجینئرنگ |
تعمیرات اور انجینئرنگ کی اہلیتیں |
|
صحت اور تحفظ |
||
طبی مصنوعات کا ڈیٹابیس |
ادویات، طبی آلات اور کاسمیٹکس کی منظوری |
|
خوراک کی سلامتی کے لائسنس |
خوراک کی حفاظت اور پیداوار کے اجازت نامے |
|
طبی اداروں کی رجسٹری |
صحت کے مراکز کے لائسنس اور اہلیتیں |
|
مصنوعات کے معیار کی سرٹیفکیشن |
معیاری سرٹیفکیشنز اور معیار |
|
مالیاتی اور خصوصی صنعتیں |
||
مالیاتی اداروں کے لائسنس |
بینکاری اور مالیاتی خدمات کے اجازت نامے |
|
سول ایوی ایشن رجسٹری |
ہوابازی کی صنعت کی سرٹیفکیشنز |
|
سرکاری خریداری |
||
خریداری سے متعلق معلومات کا پلیٹ فارم |
عوامی ٹھیکوں کی منظوری اور بولی سے متعلق ڈیٹا |
بیرونِ ملک سرمایہ کاری کا ڈیٹا
وزارتِ تجارت کے زیرِ اہتمام گوئنگ آؤٹ پبلک سروس پلیٹ فارم سرمایہ کاری سے متعلق جامع رہنما اصول فراہم کرتا ہے ۔ اس کی مدد سے صحافی نہ صرف دو طرفہ تجارتی اعداد و شمار تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں بلکہ معاہدہ شدہ منصوبوں کی تفصیلی معلومات بھی دیکھ سکتے ہیں۔ ان معلومات سے یہ واضح ہوتا ہے کہ کون سی چینی کمپنیاں بڑے بین الاقوامی معاہدے حاصل کر رہی ہیں۔
اس پلیٹ فارم پر صحافی دنیا بھر میں قائم چینی سفارت خانوں کے اقتصادی اور تجارتی دفاتر کی ویب سائٹس کے براہِ راست لنکس بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
اس ڈیٹا بیس کے ذریعے صحافی یہ معلومات تلاش کر سکتے ہیں: مختلف ممالک میں رئیل ٹائم میں ہونے والی کارپوریٹ سرگرمیاں، کون سی چینی کمپنیاں مقامی حکام سے انسداد یا ملاقاتیں کر رہی ہیں، ان کی مجوزہ سرمایہ کاری کا حجم اور دائرہ کار کیا ہے اور معاہدے یا شراکت داریاں حاصل کرنے میں ان کی پیش رفت کہاں تک پہنچی ہے۔
چین کی بیرونِ ملک سرمایہ کاری سے متعلق یہ ڈیٹا بیس غیر ملکی ریگولیٹری ماحول کے تناظر میں چینی کارپوریٹ سرگرمیوں کا ازسرِ نو تجزیہ کرنے کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ اس طریقۂ کار پر اس گائیڈ کے حصہ چہارم میں تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس طریقے کے ذریعے صحافی شفاف غیر ملکی انکشافاتی تقاضوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان چینی اداروں کی تحقیق کر سکتے ہیں جو چین کے اندرونی معلوماتی نظام میں اس درجے کی شفافیت نہیں دکھاتے۔
عدالتی اور قانونی ریکارڈز
چین کا عدالتی نظام قانونی معلومات تک رسائی کے متعدد ذرائع فراہم کرتا ہے جو تحقیقاتی صحافت کے لیے نہایت مفید ہو سکتے ہیں۔ چین کے تمام صوبوں اور علاقوں میں مختلف سطحوں پر قائم عدالتی ادارے اپنی ویب سائٹس پر قابلِ ذکر عدالتی معلومات شائع کرتے ہیں۔ ان میں عدالتی سماعتوں کے اعلانات، اہم مقدمات اور دیگر عدالتی کارروائیاں شامل ہوتی ہیں۔ یہ معلوماتی ذرائع کا ایک ایسا جال تشکیل دیتے ہیں جو مرکزی قومی ڈیٹا بیسز کے علاوہ اضافی سیاق و سباق اور تفصیلات فراہم کر سکتا ہے۔
مرکزی سطح پر دو بڑے پلیٹ فارم چین میں عدالتی معلومات کے انکشاف کی بنیاد سمجھے جاتے ہیں: چائنا ججمنٹس آن لائن (سی جے او) اور چائنا انفورسمنٹ انفارمیشن آن لائن۔ چینی صحافی ان پلیٹ فارمز کو بطور سورس معمول کے مطابق استعمال کرتے ہیں کیونکہ یہ صارف کے لیے آسان سرچ فنکشن فراہم کرتے ہیں۔ عدالتی دستاویزات کا مکمل متن فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ یہ پلیٹ فارم متعلقہ دستاویزات، فہرستیں اور مقدمات کے خلاصے بھی پیش کرتے ہیں۔
چائنا ججمنٹس آن لائن چینی کمپنیوں کے قانونی تنازعات اور ریگولیٹری خلاف ورزیوں کے ذریعے تحقیق کے لیے ایک نہایت اہم مگر تیزی سے محدود ہوتا ہوا پلیٹ فارم ہے۔ 2013 میں قائم ہونے والا یہ ڈیٹا بیس ایک وقت میں دنیا کا سب سے بڑا عدالتی فیصلوں کا ذخیرہ تھا جس پر 2020 تک دس کروڑ سے زائد مقدمات موجود تھے۔ تاہم 2021 کے بعد سے چینی حکام نے منظم انداز میں لاکھوں مقدمات تک عوامی رسائی ختم کر دی جس سے اس ڈیٹا بیس کی تحقیقاتی اہمیت شدید طور پر متاثر ہوئی ہے۔ سپریم پیپلز کورٹ نے ایسے مقدمات حذف کر دیے جن میں "ٹوئٹر”، "اظہارِ رائے کی آزادی” یا "قومی رہنما” جیسے حساس الفاظ شامل تھے۔ اس کے نتیجے میں اختلافِ رائے رکھنے والوں کے خلاف عام طور پر استعمال ہونے والے "جھگڑا کھڑا کرنے اور انتشار پھیلانے” سے متعلق تمام مقدمات بھی ختم کر دیے گئے جبکہ پارٹی کے لیے شرمندگی کا باعث بننے والے نمایاں بدعنوانی کے کیسز بھی ہٹا دیے گئے۔
اس پلیٹ فارم کو اب سخت پابندیوں کا سامنا ہے جن کی وجہ سے صحافتی تحقیق محدود ہو رہی ہے۔ صارفین کو ڈیٹا بیس تک رسائی کے لیے چینی فون نمبرز کے ساتھ رجسٹریشن کرنا پڑتی ہے جس کی وجہ سے حکام تحقیق کرنے والوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ سرچ نتائج کو صرف ابتدائی 600 مقدمات تک محدود کر دیا گیا ہے۔ سالانہ شائع ہونے والے مقدمات کی تعداد 2020 میں ایک کروڑ 92 لاکھ سے کم ہو کر 2023 میں 51 لاکھ 10 ہزار رہ گئی ہے۔ اگرچہ چینی حکام کے مطابق 2024 میں یہ تعداد دوبارہ بڑھ کر 96 لاکھ 90 ہزار تک پہنچ گئی تھی۔ ان حدود کے باوجود سی جے او کارپوریٹ تنازعات اور ضابطہ جاتی خلاف ورزیوں کی تحقیق، کاروباری ڈیو ڈیلیجنس، اظہارِ رائے پر پابندی سے متعلق مقدمات کی دستاویز بندی اور غیر حساس علاقوں میں قانونی نظائر کو سمجھنے کے لیے ایک مفید ذریعہ ہے۔ صحافیوں کو اہم مقدمات فوراً محفوظ کر لینے چاہیے کیونکہ انہیں بغیر اطلاع کے ہٹایا جا سکتا ہے۔
چائنا انفورسمنٹ انفارمیشن آن لائن عدالتی نفاذ سے متعلق کارروائیوں کا ریکارڈ رکھتا ہے اور سی جے او کے مقابلے میں زیادہ مستقل طور پر قابلِ رسائی رہتا ہے۔ یہ پلیٹ فارم نفاذی کارروائیوں کی زد میں آنے والی کمپنیوں، اثاثوں کی ضبطی اور منجمد کرنے کے احکامات، قرضوں کی عدم ادائیگی، تعمیل میں ناکامیوں اور اعلیٰ عہدیداروں پر عائد سفری اور اخراجات سے متعلق پابندیوں کے بارے میں قیمتی معلومات فراہم کرتا ہے۔ یہ کارپوریٹ مالی مشکلات اور تعمیلی مسائل کی تحقیق کے لیے ایک اہم تکمیلی ذریعہ ثابت ہوتا ہے۔
مقامی حکومت کے اوپن ڈیٹا پلیٹ فارمز
چین کے بڑے شہروں اور صوبوں نے وسیع تر ڈیجیٹل گورننس اقدامات اور انتظامی شفافیت کی کوششوں کے تحت اپنے اوپن ڈیٹا پلیٹ فارمز قائم کیے ہیں۔ یہ پلیٹ فارم چین میں "اسمارٹ سٹی” ترقی اور ای گورننس کی جدید کاری کی جانب دباؤ کے نتیجے میں سامنے آئے ہیں اور مقامی حکومتوں کی جانب سے عوامی خدمات بہتر بنانے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور انتظامی کارکردگی ظاہر کرنے کی کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں۔
نمایاں مثالوں میں شنگھائی اوپن ڈیٹا، بیجنگ اوپن ڈیٹا اور ژیجیانگ اوپن ڈیٹا شامل ہیں۔ یہ پلیٹ فارم عموماً حکومتی امور کے مختلف شعبوں سے متعلق ڈیٹا سیٹس فراہم کرتے ہیں۔ ان ڈیٹا سیٹس میں معاشی اعداد و شمار، ماحولیاتی نگرانی، ٹرانسپورٹ ڈیٹا، عوامی خدمات کی معلومات اور انتظامی منظوریوں سے متعلق تفصیلات شامل ہوتی ہیں۔ مختلف انتظامی حدود کے درمیان ڈیٹا کے دائرہ کار اور معیار میں نمایاں فرق پایا جاتا ہے۔ معاشی طور پر زیادہ ترقی یافتہ خطے عموماً زیادہ جامع اور باقاعدگی سے اپ ڈیٹ ہونے والا ڈیٹا فراہم کرتے ہیں۔
صحافیوں کے لیے یہ پلیٹ فارم قومی نوعیت کی خبروں کے لیے مقامی سیاق و سباق فراہم کر سکتے ہیں، علاقائی عدم مساوات کی تحقیق کے لیے بنیادی ڈیٹا مہیا کر سکتے ہیں اور مقامی حکومتوں کی ترجیحات اور کارکردگی سے متعلق بصیرت دینے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ تاہم یہ ڈیٹا عوامی استعمال کے لیے عموماً صاف کیا ہوا ہوتا ہے اور اس میں گورننس سے متعلق مشکلات یا متنازع پالیسی نتائج سے متعلق حساس معلومات شامل نہیں ہوتیں۔ یہ پلیٹ فارم شفافیت کے حوالے سے چینی حکومت کے انتخابی رویے کی بھی عکاسی کرتے ہیں جہاں معلومات کی فراہمی کا مقصد عوامی احتساب کے بجائے انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانا ہوتا ہے۔ صحافیوں کو اس سرکاری ڈیٹا کا دیگر ذرائع سے تقابل کرنا چاہیے اور اس بات سے آگاہ رہنا چاہیے کہ یہ معلومات جامع انتظامی شفافیت کے بجائے وہی دکھاتی ہیں جو مقامی حکومتیں ظاہر کرنا چاہتی ہیں۔
ریاستی میڈیا اور سرکاری مواصلات
اگرچہ ریاستی میڈیا کو اکثر پروپیگنڈا سمجھ کر نظر انداز کر دیا جاتا ہے تاہم یہ اس بات کی سب سے معتبر دستاویز فراہم کرتا ہے کہ کن کمپنیوں کو سرکاری سرپرستی حاصل ہے اور وہ کس طرح وسیع تر ریاستی مقاصد سے جڑی ہوئی ہیں۔ سب سے مستند ذرائع میں سنہوا نیوز ایجنسی، پیپلز ڈیلی، چائنا سینٹرل ٹیلی ویژن (سی سی ٹی وی) اور چائنا ڈیلی شامل ہیں۔ تاہم صحافیوں کو ویب سائٹس کے بجائے پرنٹ ایڈیشنز کو ترجیح دینی چاہیے۔ ریاستی میڈیا اداروں کے ویب ورژنز نسبتاً نرم ادارتی اصولوں کے تحت کام کرتے ہیں اور آمدن کے لیے اکثر بامعاوضہ مواد شائع کرتے ہیں جس سے ان کی مستند حیثیت کمزور پڑ سکتی ہے۔
پیپلز ڈیلی کو سرکاری پالیسی کی سمت جانچنے کا سب سے قابلِ اعتماد پیمانہ سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس کے پرنٹ مواد پر سب سے سخت ادارتی نگرانی ہوتی ہے اور یہ براہِ راست پارٹی قیادت کی ترجیحات کی عکاسی کرتا ہے۔ اس کا ڈیجیٹل آرکائیو 1946 سے شائع ہونے والے پرنٹ ایڈیشنز تک جامع رسائی فراہم کرتا ہے۔
تائیوان میں قائم تحقیقی ادارہ چائنا میڈیا پراجیکٹ احتسابی صحافت کے لیے ریاستی میڈیا کی رپورٹس کے استعمال کے حوالے سے خاصا معروف ہے۔ اس کی چائنا عرب ٹی وی (سی اے ٹی وی) سے متعلق تحقیق میں یہ دکھایا گیا کہ دبئی میں قائم ایک ایسا ٹیلی وژن نیٹ ورک جو بظاہر آزاد نظر آتا تھا، کس طرح ریاستی میڈیا رپورٹس، کارپوریٹ فائلنگز اور سرکاری ملاقاتوں کی کوریج کے منظم جائزے کے ذریعے مبینہ طور پر چینی مفادات کے زیرِ اثر کام کر رہا تھا۔
حصہ دوم: کمرشل ڈیٹابیسز اور کارپوریٹ انٹیلی جنس
2019 میں جی آئی جے این نے چینی کمپنیوں کی تحقیق کے لیے ایک رہنمائی کتابچہ شائع کیا تھا۔ اس کے بعد منظرنامہ خاصا بدل چکا ہے گرچہ بنیادی تحقیقی طریقہ کار اب بھی کارآمد ہیں۔ کمرشل پلیٹ فارمز چینی کارپوریٹ ڈھانچوں کی چھان بین کے لیے ناگزیر ہو چکے ہیں۔ یہ پلیٹ فارم سادہ کمپنی تلاش سے لے کر پیچیدہ مالی تجزیے اور تعلقات کی نقشہ سازی تک کی سہولیات فراہم کرتے ہیں۔ تاہم ان پلیٹ فارمز تک رسائی تیزی سے محدود ہوتی جا رہی ہے کیونکہ چینی حکام کی جانب سے جیو بلاکنگ اور رجسٹریشن کی پابندیوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ نتیجتاً صحافیوں کو تکنیکی متبادل طریقے اور رسائی کی متبادل حکمت عملیاں اختیار کرنا پڑ رہی ہیں۔
کارپوریٹ خود انکشاف کے ذرائع
کمپنیوں کی سرکاری ویب سائٹس اور پریس ریلیزز
کمپنیوں کے سرکاری ذرائع کارپوریٹ ویب سائٹس اور میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بآسانی دستیاب معلومات فراہم کرتے ہیں۔ تشہیری مواد میں سے قابلِ قدر معلومات کو الگ کرنا مؤثر تجزیاتی تکنیکوں کا تقاضا کرتا ہے۔ کمپنیاں تشہیری مواد کو احتیاط سے منتخب زبان کے ذریعے ایک حکمتِ عملی کے تحت تیار کرتی ہیں۔ وہ مثبت پہلوؤں کو نمایاں اور منفی پہلوؤں کو کم کر کے پیش کرتی ہے جیسے "مالی دباؤ کی وجہ سے برخاستگیاں” کے بجائے "کارکردگی کے لیے ساختی تبدیلی” کہنا۔ وہ بعض معلومات کو نمایاں کرتی ہیں مثلاً آمدنی میں اضافے کو جبکہ کم ہوتی ہوئی منافع کی شرح کو چھپا لیتی ہیں یا نئی شراکت داریوں کو اہم کھوئے ہوئے کلائنٹس کا ذکر کیے بغیر اجاگر کرتی ہیں۔
درج شدہ کمپنیوں کی معلوماتی افشا کاری
چین سیکیورٹیز ریگولیٹری کمیشن سرکاری کمپنیوں کے لیے براہِ راست ریگولیٹری اتھارٹی کے طور پر کام کرتا ہے۔ یہ تقریباً 5,422 فہرست شدہ عوامی کمپنیوں کی نگرانی کرتا ہے اور اس نے چند سرکاری اخبارات اور اپنی سرکاری سی این آئی این ایف او ویب سائٹ کو عوامی کمپنیوں کی معلومات کے اجراء کے لازمی ذرائع کے طور پر متعین کیا ہے۔ تاہم یہ پلیٹ فارمز بنیادی طور پر قانونی تقاضوں کے تحت معلومات کی افشا کاری کے لیے ہیں نہ کہ تجزیاتی یا تحقیقی مواد فراہم کرنے کے لیے۔
کارپوریٹ معلومات کے متبادل ذرائع
بانڈ مارکیٹ
بہت سی کمپنیاں کارپوریٹ بانڈز جاری کر کے مالی وسائل حاصل کرتی ہیں جس کے تحت انہیں مختلف معلومات عام کرنا ہوتی ہیں۔ ان معلومات میں پراسپیکٹس، مالی بیانات اور اہم واقعات جیسے اعلیٰ انتظامیہ میں تبدیلیوں کے اعلانات شامل ہیں۔ یہ معلومات ریٹنگ ایجنسیوں کو فراہم کی جاتی ہیں اور باقاعدہ تشخیصی رپورٹس بھی دستیاب ہوتی ہیں۔ چین کی کارپوریٹ بانڈ مارکیٹ متعدد پلیٹ فارمز کے ذریعے کام کرتی ہے۔ ان میں چائنا بانڈ، شنگھائی کلیئرنگ ہاؤس، نیشنل ایسوسی ایشن آف فنانشل مارکیٹ انسٹی ٹیوشنل انویسٹرز، چائنا منی، شنگھائی اسٹاک ایکسچینج اور شینزین اسٹاک ایکسچینج شامل ہیں۔
اس کے علاوہ وزارتِ خزانہ نے چین الیکٹرانک لوکل گورنمنٹ بانڈ مارکیٹ ایکسس پلیٹ فارم بھی قائم کیا ہے۔ یہ پلیٹ فارم سرکاری بانڈز کے اجرا اور بلدیاتی و صوبائی مالیاتی منصوبوں میں متعلقہ کارپوریٹ شمولیت سے متعلق شفاف معلومات فراہم کرتا ہے۔
یہ ذرائع کاروباری سرگرمیوں کی جامع کوریج فراہم کرتے ہیں۔ اس کوریج میں اندرونی ڈھانچے، مالی تجزیہ، انتظامی صورتحال اور صنعتی پس منظر شامل ہیں۔ ان کے ذریعے ایسی تفصیلی کارپوریٹ انٹیلی جنس سامنے آتی ہے جو اکثر دیگر ذرائع سے دستیاب نہیں ہوتی جبکہ ریٹنگ ایجنسیوں کی رپورٹس کارپوریٹ آپریشنز اور مالی صحت پر کسی تیسرے فریق کی جانب سے قیمتی تجزیہ فراہم کرتی ہیں۔
پراپرٹی رائٹس ایکسچینجز
سرکاری ملکیتی اداروں کے لیے لازم ہے کہ وہ ملکیت کے حقوق کی منتقلی کے دوران عوامی لین دین کریں اور آپریشنل معلومات ظاہر کریں جن میں ایکویٹی، قرضہ جات اور مستقل اثاثے شامل ہوں ۔ ملکیت کے حقوق کی منتقلی سے متعلق معلومات اکثر غیر سرکاری کمپنیوں کے بارے میں پہلی بار سامنے آنے والا انکشاف ہوتی ہیں۔ چین کے تقریباً ہر صوبے اور میونسیپلٹی میں پراپرٹی رائٹس ایکسچینجز موجود ہیں جو اپنی سرکاری ویب سائٹس پر لین دین کی تفصیلات شائع کرتی ہیں۔ بیجنگ ایکویٹی ایکسچینج اور شنگھائی یونائیٹڈ اثاثہ جات و ایکویٹی ایکسچینج بڑے سرکاری اداروں کے معاملات میں خاص طور پر نمایاں ہیں۔ شائع شدہ معلومات میں ایکویٹی ڈھانچے، مالی اعداد و شمار اور منتقلی کی تفصیلات شامل ہوتی ہیں جو دوسری صورت میں مبہم رہنے والے کارپوریٹ ڈھانچوں پر نایاب روشنی ڈالتی ہیں۔
شراکتی اداروں سے متعلق معلومات
شراکتی اداروں کی معلومات کے انکشاف کے لیے ضابطہ کار اداروں پر مزید انحصار کیا جاتا ہے۔ نجی فنڈ شراکت داریوں سے متعلق معلومات چائنا سیکیورٹیز انویسٹمنٹ فنڈ انڈسٹری ایسوسی ایشن کی ویب سائٹ کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہیں جو نگرانی اور ضابطہ کاری کے فرائض بھی انجام دیتی ہے۔
پیشہ ورانہ تجزیاتی آلات
مالیاتی ٹرمینل سسٹمز
متعدد تجارتی ڈیٹا بیسز نے عوامی کمپنیوں کی معلومات کو عوامی استعمال کے لیے منظم فارمیٹس میں پیش کرتی ہیں۔ عوامی کمپنیوں کا ڈیٹا اہم تجارتی مواقع فراہم کرتا ہے جسے اداروں نے وسیع پیمانے پر ترقی دی ہے۔ یہ تجارتی ٹولز معلومات کے استخراج کے لیے نہایت مؤثر وسائل بن چکے ہیں۔
مالیاتی ٹرمینلز لیپ ٹاپ اور موبائل کلائنٹ انٹرفیس کے ذریعے کام کرتے ہیں۔ ونڈ انفارمیشن، چوائس اور ٹونگھواشون آئی فِن ڈی چین میں بلومبرگ ٹرمینلز کے متبادل کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔ یہ پلیٹ فارمز بنیادی طور پر یکساں خدمات فراہم کرتے ہیں اور منظم ڈیٹا اور بصری مالی رپورٹس کے ذریعے عوامی کمپنیوں کی اہم معلومات کو تیزی اور جامع انداز میں سمجھنے میں مدد دیتے ہیں۔ مالیاتی ٹرمینلز کی ڈیٹا کوریج میں شنگھائی اور شینزین اسٹاک ایکسچینجز کے ساتھ ہانگ کانگ، امریکہ اور لندن کے بڑے اسٹاک ایکسچینجز بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ معاشی اور صنعتی ڈیٹا، فنڈز، ویلتھ مینجمنٹ، بانڈز اور فیوچرز سے متعلق معلومات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔ واضح اور منظم مینو کے ذریعے صارفین انتظامی تبدیلیوں اور ان کے پس منظر، کاروباری ماڈل کے ارتقاء، آمدنی اور منافع میں اتار چڑھاؤ، قرض کے ڈھانچے، نقد بہاؤ اور کمپنی سے متعلق خبریں اور تحقیقی رپورٹس بغیر متعدد مالی دستاویزات ڈاؤن لوڈ کیے مؤثر طریقے سے تلاش کر سکتے ہیں۔
ونڈ انفارمیشن اس وقت ادارتی صارفین کی مارکیٹ میں غالب حیثیت رکھتی ہے اور اپنی جامع ڈیٹا درستگی اور صنعتی معیار کی وجہ سے چینی مالیاتی صحافیوں میں کثرت سے حوالہ دی جانے والی سورس بن چکی ہے۔ ان پلیٹ فارمز تک رسائی کی لاگت میں نمایاں فرق پایا جاتا ہے۔ ونڈ انفارمیشن کے ایک ٹرمینل اکاؤنٹ کی سالانہ قیمت تقریباً 40,000 یوآن یعنی لگ بھگ 5,500 امریکی ڈالر ہے جبکہ ٹونگھواشون آئی فِن ڈی کی قیمتیں بھی اسی سطح کے قریب ہیں۔ اس کے مقابلے میں چوائس ٹرمینل 5,800 یوآن یعنی تقریباً 800 امریکی ڈالر سالانہ کے حساب سے زیادہ قابلِ رسائی ہے۔
اگرچہ مالیاتی ٹرمینلز وسیع پیمانے پر منظم ڈیٹا پروسیسنگ فراہم کرتے ہیں لیکن خاص طور پر مختلف عوامی کمپنیوں کے اعلانات کے پیچیدہ فارمیٹس میں معلومات کی بازیابی اب بھی ان کا ایک کمزور پہلو ہے۔ مثال کے طور پر مالیاتی ٹرمینلز کے ذریعے ان تمام چینی عوامی کمپنیوں کو تیزی سے تلاش کرنا جو ٹیسلا سے کاروباری تعلق رکھتی ہیں، ایک مشکل کام ہو سکتا ہے۔
جیان وی ڈیٹا جیسے پلیٹ فارمز اس حوالے سے زیادہ مؤثر ثابت ہوتے ہیں کیونکہ یہ تمام عوامی کمپنیوں کے اعلانات کو متن کی صورت میں تبدیل کر دیتے ہیں۔ ان میں تصویر کے فارمیٹ میں موجود تشخیصی رپورٹس بھی شامل ہوتی ہیں۔ سرچ باکس میں صرف "ٹیسلا” درج کرنے سے وہ تمام عوامی کمپنی اعلانات سامنے آ جاتے ہیں جن میں اس کلیدی لفظ کا ذکر ہوتا ہے۔ شنگھائی، شینزین اور نیشنل ایکویٹیز ایکسچینج اینڈ کوٹیشنز کی تینوں مارکیٹس کے اعلانات میں ٹیسلا کی تلاش سے 14,136 نتائج حاصل ہوتے ہیں جبکہ مزید درست ہدف بندی کے لیے اضافی فلٹرنگ کے اختیارات بھی دستیاب ہیں۔
یہ سرچ صلاحیت تحقیقی مقاصد کے لیے نہایت قیمتی ہے۔ سماجی واقعات یا پالیسی میں تبدیلی کے بعد صحافی فوری طور پر متاثرہ کمپنیوں کی نشاندہی کر سکتے ہیں۔ دوا ساز کمپنیوں پر پیداوار میں جعل سازی کے الزامات کی صورت میں تلاش کے ذریعے اصل کنٹرولرز، مسئلہ زدہ مصنوعات کی فروخت کے حجم اور کسٹمر نیٹ ورکس سامنے آ سکتے ہیں۔ اسی طرح "الیکٹرک گاڑیاں” جیسی اصطلاحات کے ذریعے پورے شعبے پر مبنی مجموعی تحقیق ممکن ہوتی ہے جس سے صنعتی رجحانات کا تجزیہ کیا جا سکتا ہے۔ مزید برآں، صحافی وقت کے ساتھ کمپنیوں کے ارتقائی رجحانات بھی دیکھ سکتے ہیں مثلاً یہ جانچ کر کہ کمپنیاں مخصوص کاروباری شعبوں یا بنیادی مصنوعات کا ذکر وقت کے ساتھ کتنی بار کرتی ہیں۔ اس سے حکمت عملی میں آنے والی تبدیلیاں واضح ہوتی ہیں جو اکثر ساختہ مالی ڈیٹا میں نمایاں نہیں ہوتیں۔
چونکہ جیان وی ڈیٹا مصنوعی ذہانت پر مبنی متن کے استخراج اور پراسیسنگ کا استعمال کرتا ہے، اس لیے صحافیوں کو حاصل ہونے والے اہم نتائج کی تصدیق بنیادی ذرائع سے کرنا ضروری ہے۔ یہ پلیٹ فارم متعلقہ دستاویزات اور روابط کی نشاندہی میں مؤثر ہیں۔ تاہم خودکار نظام بعض اوقات پیچیدہ مالی زبان کی غلط تشریح کر سکتا ہے یا وہ باریک سیاق و سباق نظرانداز کر دیتا ہے جسے انسانی تجزیہ بہتر طور پر سمجھ سکتا ہے۔
جیان وی ڈیٹا مفت اور معاوضہ شدہ دونوں درجوں میں دستیاب ہے جس کی وجہ سے یہ انفرادی صحافیوں اور چھوٹے اداروں کے لیے نسبتاً زیادہ قابلِ رسائی ہے۔ بنیادی سرچ سہولت تمام صارفین کے لیے دستیاب ہے جبکہ پریمیم رکنیت کی سالانہ لاگت تقریباً 368 آر ایم بی یعنی لگ بھگ 50 امریکی ڈالر ہے۔ معاوضہ شدہ ورژن میں بنیادی سرچ صلاحیت برقرار رہتی ہے مگر اس کے ساتھ تفصیلی فلٹرنگ کے اختیارات شامل ہوتے ہیں جو تحقیق کی درستگی اور رفتار کو نمایاں طور پر بہتر بناتے ہیں۔ جیسا کہ اوپر دی گئی فیچر موازنہ جدول میں دکھایا گیا ہے، پریمیم صارفین کو مفت صارفین کے 20 نتائج کے مقابلے میں 10,000 تک سرچ نتائج، جدید فلٹرنگ، بلک ڈاؤن لوڈز اور 5,000 کمپنیوں تک کے لیے کسٹم پورٹ فولیو بنانے کی سہولت حاصل ہوتی ہے۔
کمرشل انفارمیشن ایگریگیٹرز
چیچاچا، تیان یان چا اور چی شِن جیسے کمرشل پلیٹ فارمز سرکاری طور پر دستیاب حکومتی معلومات کو یکجا کر کے شیئر ہولڈنگ ڈھانچوں، مالی ڈیٹا اور کاروباری تعلقات سے متعلق جامع معلومات فراہم کرتے ہیں۔
مثال کے طور پر افریقہ میں کام کرنے والی چینی میڈیا کمپنی اسٹار ٹائمز کے مطابق اس کی بنیادی کمپنی اسٹار ٹائمز کمیونیکیشن نیٹ ورک ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ ہے اور چیچاچا پر اس کی مکمل بینیفیشل چین اسٹرکچر آسانی سے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ پلیٹ فارمز ایکویٹی ملکیت کی تہہ تک جا کر بینیفیشل چین کی ساخت واضح کرنے میں خاص مہارت رکھتے ہیں جو پیچیدہ کاروباری سرگرمیوں کی تحقیق کے لیے نہایت اہم ہے۔ خودکار طور پر تیار کیے گئے ایکویٹی اسٹرکچر چارٹس اور پینیٹریشن ڈایاگرامز سرکاری نظاموں میں ہر کمپنی کو الگ الگ تلاش کرنے کے مقابلے میں خاصا وقت بچاتے ہیں۔
یہ پلیٹ فارمز قدرتی افراد سے کاروباری اداروں تک تحقیق کی سہولت بھی فراہم کرتے ہیں جو روایتی طور پر تحقیقاتی صحافت کا ایک مشکل پہلو رہا ہے۔ قانونی نمائندے پانگ شِن شِنگ کے نام سے براہِ راست تلاش کرنے پر اس سے منسلک تمام اداروں کی معلومات سامنے آ جاتی ہیں۔ تاہم ناموں کی مماثلت کی وجہ سے ملتے جلتے نام سامنے آنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔ اگرچہ کمرشل ادارے ڈیٹا تجزیے کے ذریعے ایک ہی نام کے مختلف افراد میں فرق کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن مکمل درستگی کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ اس لیے یہ معلومات تحقیقاتی سراغ کے طور پر مفید ہوتی ہیں جن کی مزید تصدیق ضروری ہوتی ہے۔
رسائی کے حل اور متبادل طریقے
بہت سے کمرشل ڈیٹابیسز نے جیو بلاکنگ ٹیکنالوجی نافذ کر رکھی ہے جو بین الاقوامی صارفین کی شناخت کر کے انہیں بلاک کر دیتی ہے جبکہ اندرونِ ملک رسائی کے لیے چینی موبائل نمبرز کے ذریعے تصدیق لازم ہوتی ہے جو حقیقی نام کی رجسٹریشن سسٹمز سے منسلک ہوتے ہیں۔ اس طریقہ کار کے نتیجے میں غیر ملکی صحافی عملاً ان پلیٹ فارمز سے باہر ہو جاتے ہیں۔
ٹرانساکس جیسے وی پی این سروسز خاص طور پر چینی آئی پی ایڈریس فراہم کرتی ہیں جو اندرونی پلیٹ فارمز تک رسائی کے لیے ضروری ہوتے ہیں کیونکہ تمام وی پی این سروسز چینی کمرشل ڈیٹابیسز کے لیے درکار جغرافیائی اسپوفنگ فراہم نہیں کرتیں۔ تاؤباو کے تاجر عملی متبادل طریقے پیش کرتے ہیں جیسے ہدفی تحقیقی منصوبوں کے لیے عارضی ڈیٹابیس رسائی فروخت کرنا، جن میں سات دن کی چیچاچا ممبرشپ بھی شامل ہو سکتی ہے۔ اسی طرح ای سینڈر جیسی سروسز وی چیٹ سسٹمز کے اندر رہتے ہوئے رجسٹریشن کی تصدیق کے لیے ورچوئل چینی فون نمبرز فراہم کرتی ہیں۔
تاہم کوئی بھی سروس مستقل استحکام کی ضمانت نہیں دیتی کیونکہ پلیٹ فارمز مسلسل اپنی شناخت اور بلاکنگ کے طریقہ کار کو اپ ڈیٹ کرتی رہتی ہیں۔ اس لیے صحافیوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ بدلتے ہوئے رسائی کے طریقوں سے باخبر رہیں اور طویل المدت تحقیقی صلاحیت برقرار رکھنے کے لیے متعدد متبادل راستے تیار رکھیں۔
حصہ سوم: انٹرنیٹ ریسرچ
اگرچہ چین کا معلوماتی ماحول گریٹ فائر وال اور جدید سنسرشپ نظام کے باعث منفرد چیلنجز پیش کرتا ہے تاہم سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اب بھی چینی کمپنیوں اور ان کی سرگرمیوں کی تحقیق کے لیے قیمتی معلومات فراہم کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا
ویبو اور ڈویِن جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز چینی کمپنیوں اور ان کی سرگرمیوں کی چھان بین کے لیے اہم معلومات کا مرکز ہیں۔ چینی کمپنیاں باقاعدگی سے ویبو کو سرکاری اعلانات، بیانات اور بحرانی صورتحال میں ابلاغ کے لیے استعمال کرتی ہیں۔ بالکل جیسے تفریح کے شعبے سے تعلق رکھنے والی شخصیات منفی خبروں کے بعد عوامی معذرت یا وضاحت جاری کرنے کے لیے اس پلیٹ فارم کا سہارا لیتی ہیں۔ یہ کارپوریٹ سوشل میڈیا پوسٹس اکثر تنازعات پر کمپنی کے فوری ردِعمل، کاروباری شراکت داریوں، اعلیٰ انتظامیہ کے بیانات اور عملی پیش رفت سے متعلق ایسی تفصیلات ظاہر کرتی ہیں جو شائد سرکاری ذرائع یا تجارتی ڈیٹا بیسز میں ظاہر نہیں ہوتیں۔
چینی سوشل میڈیا کی تحقیقی اہمیت بڑے بین الاقوامی صحافتی کام میں واضح طور پر سامنے آتی ہے جیسا کہ پہلے بتائے گئے سنکیانگ لیبر ٹرانسفر پروگرامز پر دی نیویارک ٹائمز کی مذکورہ تحقیق میں ہوا تھا جہاں اہم شواہد خود ایغور کارکنوں کی سوشل میڈیا پوسٹس سے حاصل ہوئے تھے۔ ان پوسٹس میں ان کی منتقلی کے مراحل، فیکٹری اسمبلی لائن پر کام اور ہاسٹلز کے باہر گروپ تصاویر شامل تھیں۔ بعد ازاں صحافیوں نے جیو لوکیشن کی تصدیقی تکنیکیں استعمال کیں جن میں ان پوسٹس میں نظر آنے والی عمارتوں اور سڑکوں کی خصوصیات کو سیٹلائٹ تصاویر، اسٹریٹ ویو نقشوں اور عوامی طور پر دستیاب فیکٹری تصاویر سے موازنہ کر کے فلم بندی کے مقامات کی تصدیق کی گئی تھی۔
جن صحافیوں کو چینی زبان پر عبور حاصل نہیں ہے،انہیں چند خصوصی وسائل اہم چینی سوشل میڈیا کی پیش رفت کی رپورٹنگ اور نگرانی فراہم کرسکتے ہیں۔ واٹس آن ویبو وائرل مواد اور سوشل میڈیا رجحانات پر نظر رکھتا ہے اور اس بات کی تفصیلی کوریج دیتا ہے کہ چینی کمپنیاں اور عوامی شخصیات سوشل میڈیا پر رابطے اور بحران کے انتظام کو کس طرح سنبھالتے ہیں۔ چائنا ڈیجیٹل ٹائمز سنسر شدہ مواد کو محفوظ کرتا ہے اور اہم سوشل میڈیا مباحث کے تراجم فراہم کرتا ہے جو چینی پلیٹ فارمز سے غائب ہو جاتے ہیں۔
پلیٹ فارم کی تحقیق
ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے دائرے میں چینی اداروں کی تحقیق کے لیے ویب سائٹ ایٹری بیوشن ٹولز اب بھی مؤثر ہیں کیونکہ یہ ٹولز چین کے محدود انٹرنیٹ ماحول کے باوجود ہوسٹنگ کے مقامات کی نشاندہی کر سکتے ہیں، ملکیتی پیٹرنز کے انکشاف کر سکتے ہیں اور تکنیکی انفراسٹرکچر کے روابط کو بے نقاب کر سکتے ہیں۔ ڈومین رجسٹریشن ڈیٹا، ریورس آئی پی لوک اپ اور ایس ایس ایل سرٹیفکیٹ کے تجزیے چین کی ڈیجیٹل سرحدوں کے پار بھی کام کرتے رہتے ہیں اور صحافیوں کو کارپوریٹ نیٹ ورکس کی نقشہ بندی اور پوشیدہ تعلقات کی شناخت کے لیے قابلِ اعتماد طریقے فراہم کرتے ہیں۔ یونیورسٹی آف ٹورنٹو کے سٹیزن لیب نے 2024 میں پیپر وال پروجیکٹ مکمل کیا تھا جس میں کم از کم 123 ایسی ویب سائٹس کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا گیا تھا جو چین سے باہر مقامی نیوز آؤٹ لیٹس کے بھیس میں بیجنگ نواز مواد کو فروغ دے رہی تھیں۔
اوپن سورس تحقیق کے ذریعے ویب سائٹ کی ملکیت کی جانچ سے متعلق متعدد رہنما موجود ہیں۔ بنیادی ڈبلیو ایچ او آئی ایس ٹولز جیسے ڈبلیو ایچ او ڈاٹ آئی ایس اور گو ڈیڈی کی لوک اپ سروس ڈومین رجسٹریشن کی تفصیلات، تخلیق کی تاریخیں اور رابطہ معلومات فراہم کرتی ہیں جو کارپوریٹ ڈھانچوں اور ملکیتی پیٹرنز کو بے نقاب کر سکتی ہیں۔ چینی کمپنیوں کی تحقیق کے دوران صحافیوں کو ڈاٹ سی این ڈومینز کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی ڈومینز (ڈاٹ کام، ڈاٹ او آر جی) کا بھی جائزہ لینا چاہیے تاکہ مذکورہ کمپنی کی عالمی ڈیجیٹل موجودگی کو سمجھا جا سکے۔ وے بیک مشین خاص طور پر اس بات کا سراغ لگانے میں مفید ہے کہ وقت کے ساتھ چینی کمپنیوں کی ویب سائٹس کس طرح تبدیل ہوئیں۔ اس طرح پیغام رسانی، شراکت داریوں اور کاروباری توجہ میں آنے والی تبدیلیاں سامنے آتی ہیں جو صرف موجودہ ویب سائٹس سے ظاہر نہیں ہوتیں۔
ریورس آئی پی لوک اپ ٹولز جیسے ویو ڈی این ایس انفو ایک ہی آئی پی ایڈریس پر ہوسٹ ہونے والے تمام ڈومینز کی نشاندہی کرتے ہیں ۔ ان کی مدد سے کارپوریٹ کلسٹرز یا چینی اداروں کے درمیان مشترکہ ہوسٹنگ انتظامات کا انکشاف ہو سکتا ہے۔
حصہ چہارم: بیرونِ ملک سرمایہ کاری کے ذریعے ریورس انجینئرنگ
اگرچہ چینی کمپنیاں اپنے ملک میں سخت معلوماتی کنٹرولز کے تحت کام کرتی ہیں لیکن ان کی بیرونِ ملک سرگرمیاں اکثر ایسے ممالک میں تفصیلی دستاویزی شواہد چھوڑ جاتی ہیں جہاں انکشاف کے قوانین زیادہ مضبوط ہوتے ہیں۔ جب چینی کمپنیاں افریقہ میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرتے ہیں، یورپی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو خریدتے ہیں یا امریکی منڈیوں میں ذیلی کمپنیاں قائم کرتے ہیں تو انہیں مقامی ضابطہ جاتی ڈھانچے کی پابندی کرنا ہوتی ہے جو عموماً چین کے اندرونی ماحول کے مقابلے میں کہیں زیادہ شفافیت کا تقاضا کرتے ہیں۔
یہ طریقہ خاص طور پر بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے منصوبوں، ریاستی سرپرستی میں ہونے والی خریداریوں اور بڑے چینی کاروباری گروپس کی بیرونِ ملک توسیعی حکمتِ عملیوں کی تحقیق کے لیے نہایت مؤثر ثابت ہوتا ہے۔ میزبان ممالک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی منظوریوں، ماحولیاتی اثرات کے جائزوں، کارپوریٹ فائلنگز اور ضابطہ جاتی دستاویزات کے ذریعے وہ کارپوریٹ ڈھانچے، مالی انتظامات اور اسٹریٹجک مقاصد سامنے آ سکتے ہیں جو چین کے اندرونی ریکارڈز میں پوشیدہ رہتے ہیں۔
یہ طریقۂ کار متعدد بین الاقوامی ڈیٹا بیسز اور ضابطہ جاتی نظاموں کی منظم نگرانی کا تقاضا کرتا ہے کیونکہ چینی سرمایہ کاریاں تقریباً ہر شعبے اور ہر خطے تک پھیلی ہوئی ہیں۔ صحافیوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ بڑی معیشتوں میں سرمایہ کاری کی جانچ پڑتال کے طریقۂ کار سے واقفیت حاصل کریں۔ یہ سمجھیں کہ چینی ادارے غیر ملکی ملکیت کی پابندیوں سے نمٹنے کے لیے اپنی بیرونِ ملک سرگرمیوں کو کس طرح منظم کرتے ہیں اور جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے نتیجے میں عالمی سرمایہ کے بہاؤ میں آنے والی تبدیلیوں کے ساتھ چینی سرمایہ کاری کے رجحانات کا سراغ لگائیں۔
ذیل میں ایسے اہم ڈیٹا بیسز اور وسائل بتائے گئے ہیں جو صحافیوں کو چینی کارپوریٹ رویّوں، اسٹریٹجک ترجیحات اور بین الاقوامی نیٹ ورکس کی جامع تصویر تشکیل دینے میں مدد دیتے ہیں۔ ایسی تصویر جو صرف چین کے اندرونی ذرائع پر انحصار کرتے ہوئے ممکن نہیں ہے۔
سرمایہ کاری کی نگرانی کے پلیٹ فارمز
سب سے جامع وسائل میں امریکن انٹرپرائز انسٹی ٹیوٹ کا چائنا گلوبل انویسٹمنٹ ٹریکر شامل ہے جو 2005 سے اب تک ایک ارب امریکی ڈالر یا اس سے زائد مالیت کی چینی بیرونِ ملک سرمایہ کاری اور تعمیراتی منصوبوں کو منظم انداز میں درج کر رہا ہے۔ یہ سیکٹر اور جغرافیے کے لحاظ سے تفصیلی تقسیم فراہم کرتا ہے جس سے وقت کے ساتھ اسٹریٹجک ترجیحات اور سرمایہ کاری کے رجحانات واضح ہوتے ہیں۔ کونسل آن فارن ریلیشنز کا بیلٹ اینڈ روڈ ٹریکر بی آر آئی منصوبوں کی منظم نگرانی فراہم کرتا ہے۔ اس میں مالیاتی تفصیلات، عملدرآمد کی صورتحال اور اسٹریٹجک تجزیہ شامل ہے جو صحافیوں کو چین کے اس اہم بین الاقوامی ترقیاتی پروگرام کے دائرۂ کار اور ارتقا کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔ ورلڈ ریسورسز انسٹی ٹیوٹ کا چائنا اوورسیز فنانس انوینٹری ڈیٹا بیس خاص طور پر توانائی اور استخراجی صنعت کے عالمی منصوبوں کے لیے چینی ترقیاتی فنانس پر توجہ دیتا ہے اور اس حوالے سے اہم ڈیٹا فراہم کرتا ہے کہ چینی سرمایہ دنیا بھر میں وسائل کے حصول اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو کس طرح تشکیل دے رہا ہے۔
بوسٹن یونیورسٹی کا گلوبل چائنا انیشی ایٹو، چائنا کی اوورسیز ڈیولپمنٹ فنانس (سی او ڈی ایف) ڈیٹا بیس کے ذریعے منظم نگرانی فراہم کرتا ہے۔ اس میں 2024 میں 20 نئے خودمختار قرضوں کی صورت میں 6.1 ارب امریکی ڈالر ریکارڈ کیے گئے جو 2020 کے بعد سالانہ اوسط 24 قرضوں پر مشتمل 6.2 ارب ڈالر کی سطح کو برقرار رکھتے ہیں۔ یہ ڈیٹا چینی ریاستی حمایت یافتہ مالی بہاؤ کو سمجھنے کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے اور پالیسی پر مبنی نگرانی کے نظاموں کے ساتھ علمی سختی کا اضافہ کرتا ہے۔
پیپلز میپ آف گلوبل چائنا ایک اور اوپن ایکسس پلیٹ فارم ہے جو دنیا بھر کے محققین کی تحقیق کی بنیاد پر چین کی بین الاقوامی سرگرمیوں سے متعلق ملکی پروفائلز، منصوبہ جاتی ڈیٹا، کمپنیوں کی معلومات اور اثرات کے جائزوں کو یکجا کرتا ہے۔ یہ پلیٹ فارم چین کے عالمی نقشِ قدم کا ایک جامع آرکائیو بناتا ہے جو علمی تحقیقی شراکتوں کے ذریعے مسلسل اپ ڈیٹ ہوتا رہتا ہے تاکہ چین کی بدلتی ہوئی مصروفیات کے رجحانات کی عکاسی کی جا سکے۔
ضابطہ جاتی اور کارپوریٹ ڈیٹا بیسز
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی) کا ای ڈی جی اے آر ڈیٹا بیس چینی کمپنیوں کی سرگرمیوں کو امریکی سیکیورٹیز فائلنگز کے ذریعے سمجھنے کے لیے ایک نہایت اہم ذریعہ ہے۔ یہ ذیلی کمپنیوں، مالی تعلقات اور اور ان کی سرگرمیوں کی تفصیلات سامنے لاتی ہے جنہیں چینی کمپنیوں کو امریکی منڈیوں تک رسائی کے لیے لازمی ظاہر کرنا پڑتا ہے۔ چینی کمپنیاں عموماً امریکا میں لسٹنگ کے وقت غیر ملکی ملکیت کی پابندیوں سے بچنے کے لیے ویری ایبل انٹرسٹ اینٹیٹی (وی آئی ای) یا اسپیشل پرپز ایکوزیشن کمپنی (ایس پی اے سی) کے ڈھانچوں کا استعمال کرتی ہیں اور اس پورے ساختی انتظام کی تفصیلات ان کی ضابطہ جاتی دستاویزات میں ظاہر کرنا ضروری ہوتی ہیں۔
برطانیہ میں کمپنیز ہاؤس کے ریکارڈز کے ذریعے صحافی وہاں کام کرنے والے چینی اداروں کی تفصیلی ملکیتی ساخت اور مالی فائلنگز حاصل کر سکتے ہیں۔ ان میں اکثر یورپ میں ہونے والی سرگرمیوں اور کارپوریٹ نیٹ ورکس سے متعلق معلومات شامل ہوتی ہیں۔ یورپی سیکیورٹیز اینڈ مارکیٹس اتھارٹی یورپی کیپیٹل مارکیٹس تک رسائی حاصل کرنے والی چینی کمپنیوں کے پراسپیکٹس اور ضابطہ جاتی فائلنگز تک رسائی فراہم کرتی ہے۔ اس سے یہ سمجھنے میں مدد ملتی ہے کہ چینی کمپنیاں اپنی بین الاقوامی توسیع کو کس طرح منظم کرتی ہیں۔
خصوصی شعبہ جاتی وسائل
سان فرانسسکو میں قائم ایک غیر سرکاری ادارہ گلوبل انرجی مانیٹر دنیا بھر میں فوسل فیول اور قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں کو متعدد خصوصی ڈیٹا بیسز کے ذریعے درج کرتا ہے جو عالمی توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں چین کے کردار کا سراغ لگانے میں استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
جانز ہاپکنز یونیورسٹی میں قائم چائنا افریقہ ریسرچ انیشی ایٹو چین افریقہ ایف ڈی آئی، تجارت، معاہدوں، زرعی سرمایہ کاری، غیر ملکی امداد اور افریقی ممالک میں چینی کارکنوں سے متعلق جامع ڈیٹا برقرار رکھتا ہے۔ یہ پورے براعظم میں چین کی شمولیت کے دائرۂ کار اور شرائط کو دستاویزی شکل دیتا ہے۔
پابندیوں اور تعمیلی ضابطوں کے ڈیٹا بیسز
دفتر برائے غیر ملکی اثاثہ جات کنٹرول (او ایف اے سی) کی امریکی خزانے کی طرف سے پابندیوں کی فہرست میں چینی اداروں کو متاثر کرنے والے تفصیلی جواز اور کارپوریٹ نیٹ ورک کی معلومات شامل ہوتی ہیں۔ اس میں اکثر کاروباری تعلقات اور مبینہ بدعنوانیوں سے متعلق وسیع پس منظر پر مبنی مواد موجود ہوتا ہے۔ یورپی یونین کا پابندیوں کا ٹریکر ان چینی کمپنیوں سے متعلق یورپی نقطۂ نظر فراہم کرتا ہے جو پابندیوں کا سامنا کر رہی ہیں۔ اس میں اکثر مختلف پس منظر پر مبنی دستاویزات اور دلائل شامل ہوتے ہیں جو امریکی مواد کی تکمیل کرتے ہیں۔
امریکی کامرس ڈیپارٹمنٹ اور دیگر اداروں کے ایکسپورٹ کنٹرول ڈیٹا بیسز چینی اداروں پر عائد پابندیوں کو درج کرتے ہیں۔ یہ ٹیکنالوجی کی منتقلی سے متعلق خدشات اور کارپوریٹ تعلقات کا انکشاف کرتے ہیں جو اسٹریٹجک مسابقت کی حرکیات کو واضح کرتے ہیں۔ امریکی بیورو آف انڈسٹری اینڈ سیکیورٹی (بی آئی ایس) کی اینٹیٹی لسٹ بنیادی ڈیٹا بیس کے طور پر کام کرتی ہے جس میں 2022 تک تقریباً 600 چینی ادارے شامل ہیں۔ ان میں کمپنیاں اور تحقیقی ادارے شامل ہیں جو فوجی ٹیکنالوجی، فائیو جی، مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز میں مشغول ہیں۔ امریکی محکمۂ تجارت کے زیرِ انتظام کنسولیڈیٹڈ اسکریننگ لسٹ (سی ایس ایل) ایک جامع سرچ ٹول فراہم کرتی ہے جو محکمۂ تجارت، محکمۂ خارجہ اور محکمۂ خزانہ کی گیارہ ایکسپورٹ اسکریننگ فہرستوں کو یکجا کرتی ہے اور صحافیوں کو مختلف پابندیوں کے زمروں میں چینی اداروں کی مؤثر جانچ پڑتال کی سہولت دیتی ہے۔
یہ تمام وسائل صحافیوں کو چینی کارپوریٹ رویّوں، اسٹریٹجک ترجیحات اور بین الاقوامی نیٹ ورکس کی ایسی جامع تصویر بنانے کے قابل بناتے ہیں جو صرف چین کے اندرونی ذرائع کی بنیاد پر بنانی ممکن نہیں ہوگی۔
حصہ پنجم: طریقۂ کار سے متعلق بہترین عملی اصول
متعدد ذرائع کا امتزاج
چینی کمپنیوں کی تحقیق کے لیے متعدد معلوماتی ذرائع کو یکجا کرنا ناگزیر ہے تاکہ ایک مکمل ذہنی تصویر بنائی جا سکےکیونکہ کوئی ایک ڈیٹابیس یا پلیٹ فارم مکمل کوریج فراہم نہیں کرتی۔ چینی معلوماتی ذرائع کی بکھری ہوئی اور مسلسل محدود ہوتی ہوئی نوعیت کے باعث صحافیوں کو ایک سورس کی وجہ سے ملنے والی حدود سے نبٹنے کے لیے ایک منظم طریقۂ کار اپنانے کی ضرورت ہے جس میں سرکاری دستاویزات، تجارتی ریکارڈز، سوشل میڈیا مواد اور بین الاقوامی رپورٹنگ کو باہم جوڑا جائے۔ یہ سہ جہتی تصدیقی طریقہ اس وقت خاص طور پر اہم ہو جاتا ہے جب ایسی کمپنیوں کی تحقیق کی جائے جو چین کے اندرونی اور بین الاقوامی دونوں دائرہ ہائے اختیار میں کام کر رہی ہوں جہاں مختلف ریگولیٹری ماحول شفافیت کی مختلف سطحیں پیدا کرتے ہیں۔
مؤثر سورس کی سہ جہتی تصدیق کی بنیاد مختلف اقسام کی معلومات کی ساکھ اور ممکنہ تعصبات کو سمجھنے میں ہے۔ چینی حکومت کے سرکاری بیانات اور ریگولیٹری فائلنگز قانونی ڈھانچوں اور رسمی تعلقات کے لیے مستند سمجھی جاتی ہیں لیکن یہ اکثر اصل فائدہ اٹھانے والے مالکانہ کنٹرول یا عملی حقائق کو چھپا دیتی ہیں۔ قچچا یا تیان یان چا جیسے تجارتی ڈیٹابیس تفصیلی کارپوریٹ نیٹ ورکس دکھاتے ہیں مگر یہ عموماً صرف رجسٹرڈ تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں نہ کہ حقیقی کنٹرول کی۔ اوربس جیسے بین الاقوامی بزنس ڈیٹابیس مفید تقابلی سہولت فراہم کرتے ہیں مگر چینی ذیلی کمپنیوں اور جوائنٹ وینچرز کے بارے میں اکثر نامکمل معلومات رکھتے ہیں۔
مثال کے طور پر اگر شنگھائی اسٹاک ایکسچینج کی فائلنگ قچچا کے کارپوریٹ چارٹ سے مختلف ملکیت کے تناسب دکھائے نظر آئیں تو ہانگ کانگ کی ریگولیٹری فائلنگز، سنگاپور کے کارپوریٹ ریکارڈز یا ایس ای سی دستاویزات سے تقابل ان تضادات کو واضح کر سکتا ہے اور اصل ملکیتی ڈھانچے کو بے نقاب کر سکتا ہے۔
سن 2024 میں آرگنائزڈ کرائم اینڈ کرپشن رپورٹنگ پروجیکٹ (او سی سی آر پی) نے دبئی ان لاکڈ کے نام سے ایک تحقیقاتی منصوبے پر کام کیا تھا جس میں 75 میڈیا اداروں نے مل کر دبئی لینڈ ڈیپارٹمنٹ کے لیک ہونے والے پراپرٹی ریکارڈز کا تجزیہ کرنے کے لیے اشتراک کیا تھا۔ افشاں ہونے والی ذاتی معلومات سے آغاز کرتے ہوئے ایک رپورٹ نے چین، سنگاپور اور متحدہ عرب امارات تک پھیلے ہوئے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا تھا۔ چینی اداروں نے اس نیٹ ورک کی مدد سے آف شور ڈھانچوں کو اثاثے منتقل کرنے کے لیے استعمال کیا تھا۔ یہ کثیر دائرہ ہائے اختیار پر مبنی طریقۂ کار اس بات کی عملی مثال ہے کہ سہ جہتی تصدیق کس طرح ان اداروں کی تحقیق میں مؤثر ثابت ہوتی ہے جو جان بوجھ کر مختلف ریگولیٹری نظاموں میں اپنی سرگرمیوں کو اوجھل رکھتے ہیں۔
آرکائیونگ اور تحفظ کی حکمت عملیاں
چینی آن لائن مواد کے بار بار غائب ہو جانے کے پیش نظر صحافیوں کو اپنی تحقیقی طریقہ کار کے ساتھ ساتھ منظم آرکائیونگ کے طریقے بھی اپنانا ضروری ہیں۔ چینی ڈیجیٹل مواد کی عارضی نوعیت، چاہے وہ سنسرشپ، کارپوریٹ سطح پر مواد ہٹانے یا پلیٹ فارم میں تبدیلیوں کے باعث ہو، کا مطلب ہے کہ مواد کے تحفظ کی تکنیکیں اس بات کا تعین کریں کہ اہم شواہد تصدیق اور اشاعت کے لیے دستیاب رہتے ہیں یا نہیں۔
وے بیک مشین ویب سائٹس کے پرانے ورژنز تک رسائی اور وقت کے ساتھ کارپوریٹ بیانیے یا سرکاری پالیسی دستاویزات میں تبدیلیوں کو ٹریک کرنے کے لیے ایک مفید ذریعہ ہے۔ تاہم انٹرنیٹ آرکائیو کی چینی ویب سائٹس پر کوریج غیر مستقل رہتی ہے، خاص طور پر ایسے مواد کے لیے جس تک رسائی کے یے لاگ ان کرنا پڑتا ہے یا ان پلیٹ فارمز کے لیے جو کرالرز کو فعال طور پر بلاک کرتے ہیں۔ اس لیے صحافیوں کو وے بیک مشین کے ساتھ آرکائیو ڈاٹ ٹوڈے کا بھی استعمال کرنا چاہیے جو اکثر ایسا مواد محفوظ کرتا ہے جو انٹرنیٹ آرکائیو سے رہ جاتا ہے اور فوری نوعیت کے مواد کے لیے تیز آرکائیونگ فراہم کرتا ہے۔
خودکار آرکائیونگ سروسز کے علاوہ صحافیوں کو متعلقہ معلومات ملتے ہی فوری تحفظ کے طریقے اپنانے چاہیے۔ مکمل صفحے کے اسکرین شاٹس جن میں ٹائم اسٹیمپ اور یو آر ایل شامل ہوں، بصری شواہد فراہم کرتے ہیں جو مواد کے ہٹائے جانے کے بعد بھی محفوظ رہ سکتے ہیں۔ سوشل میڈیا کے مواد کے لیے صرف پوسٹس ہی نہیں بلکہ انگیجمنٹ میٹرکس، صارف پروفائلز اور تبصروں کے سلسلے بھی محفوظ کرنے چاہیے جو اس مواد تک رسائی اور اس پر ردعمل کا سیاق و سباق فراہم کرتے ہیں۔ ویڈیو مواد خاص طور پر محتاط تحفظ کا متقاضی ہے کیونکہ ویبو اور وی چیٹ جیسے پلیٹ فارمز متعلقہ اور تحقیق سے بھرپور ویڈیوز کو اکثر چند گھنٹوں میں ہٹا دیتے ہیں۔ چائنا ڈیجیٹل ٹائمز کا 404 آرکائیو پروجیکٹ سنسر شدہ چینی مواد کے تحفظ کی منظم ترین کوششوں میں سے ایک ہے۔ اس آرکائیو میں ہزاروں مضامین، سوشل میڈیا پوسٹس اور سرکاری دستاویزات شامل ہیں جو چینی پلیٹ فارمز سے ہٹا دی گئی تھیں اور یہ عوامی مباحثے کو ٹریک کرنے میں نہایت قیمتی ثابت ہوتا ہے جو بصورت دیگر سنسرشپ کی نذر ہو جاتا ہے
مقامی شراکت داروں کے ساتھ اشتراکی رپورٹنگ
مقامی صحافیوں کے ساتھ اشتراکی رپورٹنگ مقامی علم اور لسانی صلاحیتوں تک رسائی کے لیے نہایت اہم ہے۔ چینی زبان جاننے والے صحافی کارپوریٹ فائلوں، سوشل میڈیا پوسٹس اور سرکاری دستاویزات میں موجود لسانی باریکیوں کو سمجھ سکتے ہیں جو اکثر خودکار ترجمہ کے آلات نظر انداز کر دیتے ہیں۔ مقامی صحافی ثقافتی سیاق و سباق بھی سمجھتے ہیں جو کارپوریٹ رویّوں، ریگولیٹری نفاذ کے طریقہ کار اور عملے میں تبدیلیوں یا پالیسی اعلانات کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔ ان عوامل کو غیر ملکی رپورٹرز بسا اوقات نظر انداز کر دیتے ہیں۔
چینی صحافیوں اور ذرائع کے ساتھ کام کرنے کے لیے مختلف نوعیت کے خطرات اور سیکیورٹی عوامل کو سمجھنا ضروری ہے۔ یہ عوامل طے کرتے ہیں کہ معلومات کس طرح جمع اور شیئر کی جا سکتی ہیں۔ چینی صحافی چاہے وہ مین لینڈ چین میں ہوں، ہانگ کانگ میں یا تارکینِ وطن میں ہوں، حساس کارپوریٹ یا سرکاری موضوعات کی تحقیقات کے دوران مختلف درجے کے قانونی اور پیشہ ورانہ خطرات کا سامنا کرتے ہیں۔ مین لینڈ کے صحافی سب سے زیادہ سخت ماحول میں کام کرتے ہیں جہاں بعض کمپنیوں یا عہدیداروں کی تحقیق حراست، ملازمت سے برطرفی یا ان کے اہلِ خانہ کو نشانہ بنانے والے دباؤ کے حربوں کا باعث بن سکتی ہے۔ ہانگ کانگ کے صحافی 2020 کے قومی سیکیورٹی قانون کے نفاذ کے بعد بڑھتی ہوئی پابندیوں کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ تارکینِ وطن صحافیوں کو بھی خاندانی دباؤ یا ویزا سے متعلق مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
موثر اشتراک عمل کی ابتدا ٹھوس صحافتی کام شروع کرنے سے پہلے محفوظ مواصلاتی ذرائع قائم کرنے سے ہوتی ہے۔ سگنل، پروٹون میل اور دیگر انکرپٹڈ پلیٹ فارمز بنیادی تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ تاہم صحافیوں کو چینی ویب سائٹس تک رسائی یا مین لینڈ ذرائع سے رابطے کے دوران ٹور براؤزر اور وی پی این کے استعمال پر بھی غور کرنا چاہیے۔
چو یانگ ایک صحافی اور میڈیا محقق ہیں۔ وہ چینی ڈیجیٹل میڈیا اور تارکینِ وطن کمیونٹیز پر مہارت رکھتی ہیں۔ اس وقت وہ چائنا میڈیا پروجیکٹ میں پروجیکٹ کوآرڈینیٹر اور اے ایم او میں چینی تجزیہ کار کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ وہ عالمی سطح پر چینی زبان کے صحافیوں کے لیے صلاحیت سازی کے ایک اقدام کی قیادت کر رہی ہیں اور یورپی یونین کے مالی تعاون سے چلنے والے ہورائزن یورپ ریزوننٹ منصوبے کے تحت تارکینِ وطن کمیونٹیز کو نشانہ بنانے والی معلوماتی ہیرا پھیری کا تجزیہ کر رہی ہیں۔
وہ کیکسِن سمیت نمایاں چینی میڈیا اداروں کے ساتھ کام کر چکی ہیں اور کئی اہم میڈیا اداروں کی بانی ہیں جن میں دی نیوکمرز بھی شامل ہے جو یورپ میں مقیم تارکینِ وطن کمیونٹیز کے لیے چینی زبان کا ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے۔ یانگ نے سینسی جرنلزم پروجیکٹ کی بھی مشترکہ بنیاد رکھی جسے دی اکانومسٹ نے چین کا سب سے کامیاب شہری میڈیا اقدام قرار دیا تھا۔ِ




















