

Image: Shutterstock
منی لانڈرنگ کے تازہ ترین رجحانات کی تحقیق
یہ مضمون ان زبانوں میں بھی دستیاب ہے
چالیس سال قبل، منشیات کے سمگلر اور بدعنوان غیر ملکی اہلکار اکثر اپنے چھوٹے طیارے کارگو ہولڈ میں نقدی سے بھرے ڈفیل بیگ کے ساتھ کیریبین ہوائی پٹیوں پر اتارتے تھے۔ پائلٹ ان طیاروں کو رن وے کے آخر میں آسانی کے لیے قائم چھوٹے بینکوں تک لے کر جاتے تھے اور ان تھیلوں کو ہوائی جہاز سے باہر بینک کے عملے کے بازوؤں میں پھینک دیتے تھے جو کوئی سوال نہیں کرتے تھے اور ایک بھاری مارک اپ کے بعد ان مشکوک فنڈز کو لانڈرنگ کے لیے جمع کر لیتے تھے۔
آرگنائزڈ کرائم اینڈ کرپشن رپورٹنگ پراجیکٹ (او سی سی آر پی) کے شریک بانی ڈریو سلیوان کے مطابق منی لانڈرنگ میں زبردست اضافہ ہواہے۔ ”پہلے رقوم لاکھوں میں ہوتی تھیں۔ اب وہ اربوں میں ہیں،“ انہوں نے کہا۔ اور رقم میں اس اضافے کے ساتھ پیچیدگی بھی بڑھ گئی ہے۔ منی لانڈرنگ اب بہت زیادہ نفیس اور بہت سستی ہو گئی ہے — اور تحقیقاتی صحافیوں کو اس کے کئی نئے رجحانات کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔
”تو، پرانے دنوں میں، رن وے کے اختتام پر آپ سے 10 سے 15 فیصد وصول کیے جاتے تھے۔ خیر، لانڈرنگ اب عام بینک کی ٹرانسفر فیس کی لاگت سے کم ہو چکی ہے،“ سلیوان نے 2024 کی تحقیقاتی رپورٹرز اور ایڈیٹرز کانفرنس میں بین الاقوامی مالیاتی جرائم کے رجحانات پر ایک سیشن میں وضاحت کی۔ ”لانڈرومیٹ پروجیکٹس میں ہم نے دیکھا کہ [لانڈرنگ کی لاگت] لین دین کا 0.1% تھی، جو ہماری ادا کی جانے والی فیسوں سے بھی کم ہے۔“
آئی آر ای پینل میں، سلیوان اور ماڈریٹر مارتھا مینڈوزا، جو ایسوسی ایٹڈ پریس میں پلٹزر انعام یافتہ رپورٹر ہیں، نے منی لانڈرنگ کی نئی حکمت عملیوں پر توجہ مرکوز کی جو غیر قانونی اثاثوں کو چھپانے کے اس طریقے کو ٹریک کرنا تیزی سے مشکل بنا رہی ہیں۔
ان میں اپنے آپ کو غیر موجود مصنوعات فروخت کرنا، کرپٹو کرنسی میں ہیرا پھیری، غیر موجود ملازمین کے لیے تنخوائیں – اور اگر بینک زیادہ سوال پوچھیں تو پورے بینکوں کو خرید لینا شامل ہیں۔
سلیوان نے متنبہ کیا کہ صحافیوں کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ منی لانڈرنگ کو مالیاتی نظام کے دیگر غلط استعمال جیسے کہ رشوت خوری یا ٹیکس چوری سے نہ جوڑیں، اور اس خاص جرم کی او سی سی آر پی کی تعریف پر پوری توجہ دیں: ”غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی رقم کے زرائع کو چھپانا، عام طور پر غیر ملکی بینکوں یا قانونی کاروباروں میں شامل منتقلی کے ذریعے۔“
’’غیر قانونی طور پر حاصل کیا جانا‘‘ اصل نکتہ ہے کیونکہ اس میں کسی قسم کی بنیاد یا ایسا جرم ہے جو آپ دکھا سکتے ہیں اور جس نے آپ کو لانڈرنگ کرنے کی ضرورت پیش آئی،“ سلیوان نے کہا۔ یہ دراصل عدالت میں ثابت کرنے والی سب سے مشکل چیزوں میں سے ایک ہے اور ایک تفتیشی رپورٹر کے طور پر یہ ثابت کرنا اور بھی مشکل ہے کہ کوئی چیز یقینی طور پر منی لانڈرنگ تھی۔ لہٰذا آپ کو اس پر بہت ساری کہانیاں نظر نہیں آتی ہیں جب تک کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کا اعلان نہ کریں۔
پیسے کا سراغ لگانا ابھی بھی رپورٹنگ کی بہترین حکمت عملی ہے۔
مینڈوزا کے مطابق اچھی خبر یہ ہے کہ – نئے اثاثوں کو چھپانے کے رجحانات کے باوجود – موجودہ منی لانڈرنگ پزل کے بہت سے ٹکڑے آزادانہ طور پر دستیاب صحافیوں کی بنائی گئی مالیاتی ڈیٹا بیس لیک میں مل سکتے ہیں۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ ناجائز کمائی کو چھپانے کے لیے سب سے بڑی حکمت عملی ایک ہی ہے: ظاہر کریں کہ آپ دو مختلف لوگ ہیں۔ اس چال کو انجام دینے کا طریقہ یہ ہے کہ آف شور شیل کمپنیاں بنائیں یا برٹش ورجن آئی لینڈز یا سیشلز جیسے رازداری کے دائرہ اختیار میں ٹرسٹ بنائیں جہاں حقیقی مالکان کو ظاہر کرنے کے لیے اکثر لیکس کی ضرورت ہوتی ہے۔
”آپ آئی سی آئی جے اور ایلیف کی پانامہ پیپرز کی قسم کے ڈیٹا لیک تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں، اور روابط بنانا شروع کر سکتے ہیں،“ مینڈوزا نے وضاحت کی۔ ”یہ تھوڑا سست ہے لیکن ایک بار جب آپ ایک رابطہ بنا لیتے ہیں تو آپ آگے بڑھ جاتے ہیں۔ ایک بار جب آپ کو وہ نام مل جاتا ہے جس کی آپ کو ضرورت ہوتی ہے، تو آپ کمپنیز ہاؤس یا اوپن کارپوریٹس جیسے ٹولز کا استعمال شروع کر سکتے ہیں، جہاں آپ مشابہہ یا ایک جیسے بورڈ آف ڈائریکٹرز دیکھنا شروع کر سکتے ہیں۔ ایک جیسے افراد۔“
مختصراً، لانڈرنگ کے تین مراحل ابھی بھی بنیادی طور پر وہی ہیں: ”پلیسمنٹ“ (مالیاتی نظام میں نقد رقم حاصل کرنا)؛ ”لیئرنگ“ (نقدی کے منبع کو چھپانے کے لیے اضافی لین دین کرنا)؛ اور ”انضمام“ (فنڈز کو قابل رسائی، سرمایہ کاری کے قابل دولت میں تبدیل کرنا)۔
منی لانڈرنگ کی حکمت عملیوں کا موجودہ منظر نامہ
پرانی طرز کی حکمت عملیاں جو مقبولیت کھو رہی ہیں:
”سمرفنگ۔“ یہ ایک ایسی تکنیک ہے جہاں برے اداکار درجنوں لوگوں کو ملازمت دیتے ہیں ایسی نقد رقم جمع کروانے کے لیے جو کہ ریگولیٹری سوالات کو متحرک کرنے والی رقم سے تھوڑی سی کم ہوتی ہے — جیسے کہ $10,000 کے بجائے $9,990۔ ”لوگ اب بھی کرپٹو اے ٹی ایم جیسی چیزوں کے ساتھ یہ کرتے ہیں،“ سلیوان نے نشاندہی کی۔ ”منشیات فروشوں کے لیے سمرف بہترین طریقہ ہے، بہت سے مختلف کریپٹو بٹوے اور بہت سارے مختلف لوگ جو پیسے جمع کروا رہے ہوتے ہیں اوراسے ٹریک کرنا آسان نہیں ہے، اگر آپ کے پاس بہت سے مختلف کرپٹو بٹوے اور لوگ ہوں۔“
بڑی تعداد میں نقدی کی سمگلنگ۔ ”یہ اب بھی افریقہ میں کچھ جگہوں پر کیا جاتا ہے – سونے اور ہیرے اور نقد رقم دبئی میں سوکس جیسی جگہوں پر بھیجی جاتی ہے، جہاں انہیں وہاں کے بینکوں میں رکھا جاتا ہے۔ دبئی زمین پر باقی ماندہ ان چند جگہوں میں سے ایک ہے جہاں آپ بڑی مقدار میں نقد رقم جمع کروا سکتے ہیں وہ بھی آپ سے کسی قسم کی پوچھ گچھ کے بغیر،“ سلیوان نے کہا۔

Banks in Dubai are now among the last places to accept large cash deposits with few questions asked. Image: Shutterstock
نقد کاروبار۔ ”اب بھی نقد کاروبار کرنے کا پرانا طریقہ کار موجود ہے: کیسینو، کار واش، پارکنگ کی جگہیں – کوئی بھی ایسی جگہ جہاں زیادہ نقد رقم موجود ہو۔“سلیوان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا۔ ”لیکن نقدی جا رہی ہے۔ اب بہت کم لوگ بڑی مقدار میں نقد رقم رکھتے ہیں، اور یہ کاروبار کے لیے بھی ایسا ہی ہے۔ سوائے کسینو جیسی جگہوں کے، جہاں آپ جا سکتے ہیں، بڑی تعداد میں چپس خرید سکتے ہیں، اور انہیں نقد رقم سے بدل سکتے ہیں، اور کہہ سکتے ہیں کہ ” یہ مجھے کیسینو سے ملا تھا۔“ کھانا خراب ہونا ایک دوسرا طریقہ ہے، جہاں آپ کہتے ہیں: ’اوہ، ہمارے گوشت کی ایک بڑی مقدار خراب ہو گئی۔‘ اس کے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ یہ منی لانڈرنگ کے چھوٹے طریقے ہیں، جب کہ آج کل برے لوگ کروڑوں یا سینکڑوں یا ہزاروں نہیں بلکہ اربوں ڈالر کی لانڈرنگ کر رہے ہیں، اس لیے ان رقوم کو نبٹانے کے لیے نئے طریقے ایجاد کرنے پڑے۔“
سدا بہار طریقے جو اب بھی استعمال ہو رہے ہیں:
انتہائی قیمتی رئیل اسٹیٹ۔ مجرم عموماً بیرون ملک مکانات یا نجی جائیدادوں کی خریداری میں اپنا پیسہ چھپانا پسند نہیں کرتے، اس کی
سادہ وجوہات ہیں: وہ لان کی گھاس کاٹنے والے یا جائیداد کے نگرانوں کو ادائیگی نہیں کرنا چاہتے۔ اور وہ ایک مغربی شہر میں درمیانے درجے کے اپارٹمنٹس کا ایک بڑا پورٹ فولیو خریدنا پسند نہیں کرتے، کیونکہ اس میں بہت زیادہ کاغذی کارروائی ہوتی ہے۔ اس کے بجائے، سلیوان نے کہا کہ وہ انتہائی اعلیٰ قیمت والے اپارٹمنٹس خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں جو رئیل اسٹیٹ مارکیٹ ویلیو میں بڑھتے ہوئے بنیادی طور پر نظر انداز ہو جاتے ہیں۔”ایک بار جب آپ پیسہ لانڈر کر لیتے ہیں تو آپ اپنے اثاثے بیرون ملک منتقل کرنا چاہتے ہیں – جس کے لیے آپ کو 200 ملین ڈالر کا اپارٹمنٹ درکار ہے،“ انہوں نے کہا۔ "اسی لیے آپ کو یہ مہنگے اپارٹمنٹس نیویارک یا لندن جیسی جگہوں پر ملتے ہیں جو بالکل خالی ہیں۔ یہ سب کچھ آف شور کمپنیوں اور پراکسیز کے نیچے چھپایا جانا چاہیے۔
آف شور کمپنیاں، ٹرسٹ، اور ہیج فنڈز۔ ”آپ کو صرف ایک آف شور کمپنی کی ملکیت حاصل کرنی ہے جس کے بارے میں کسی کو علم نہ ہو کہ وہ آپ کی ملکیت ہے۔“ سلیوان نے کہا۔ ”آپ کی ظاہر کردہ کمپنی اور چھپی ہوئی کمپنی کے درمیان لین دین مناسب اور قانونی لین دین کی طرح لگتا ہے لیکن ایسا ہوتا نہیں ہے۔ ہیج فنڈز بدنام زمانہ مبہم ہیں، اس لیے ہیج فنڈ اور آف شور کمپنی کا امتزاج تقریباً ناقابل تسخیر ہے،“ انہوں نے مزید کہا کہ آف شور ٹرسٹ کے مالکان کو ڈھونڈا نہیں جا سکتا اسی لیے ان کا استعمال کرتے ہوئر رقم کو ایک ملک سے لے جا کر دوسرت ملک میں ٹرسٹ فنڈ سے نکالا جاتا ہے۔ ٹِپ: کارپوریٹ رجسٹریوں کو دیکھنے اور کمپنی کی ویب سائٹ میں تحقیق کرنے کے علاوہ، سلیوان نے کہا کہ رپورٹرز مارکیٹ کے جائز حریفوں سے یہ پوچھی کہ وہ کمپنی کے بارے میں کیا جانتے ہیں، کسی کمپنی کے جائز ہونے کی جانچ کر سکتے ہیں۔
نئے اور تیزی سے مقبول ہونے والے طریقے:
تجارت پر مبنی لانڈرنگ۔ اس طریقہ کار میں رسیدوں اور لین دین میں ہیرا پھیری کی جاتی ہے تاکہ بینکوں کو اس بات پر قائل کیا جا سکے کہ جمع کروائی جانے والی بڑی بڑی رقوم تجارتی معاہدوں سے آ رہی ہیں۔ ”یہ اس وقت سب سے زیادہ مقبول ہے،“ سلیوان نے وضاحت کی۔ ”آیا آپ کے پاس واقعی لوہا ہے یا نہیں یہ مسئلہ نہیں ہے: اگر آپ اس ‘لوہے’ کے خریدار اور بیچنے والے کی فہرست بنا سکتے ہیں، تو آپ بینک جا سکتے ہیں اور کہہ سکتے ہیں، ‘دیکھو، میں نے ابھی 500 ملین ڈالر کا لوہا بیچا ہے اور 200 ملین ڈالر کا منافع کمایا ہے۔‘ یہ دراصل ایسی کمپنیاں ہیں جو آپ کی اس جعلی کاغذی کارروائی میں مدد کریں گی… آپ شاید اس ‘لوہے’ کو ایک آف شور کمپنی سے دوسری آف شور کمپنی میں اور پھر دوسری میں منتقل کر رہے ہوں گے۔ آپ ٹرانزیکشن کی تہیں لگا رہے ہیں اور پیسہ کہاں سے آیا، اس کا ریکارڈ تباہ کر رہے ہیں۔ ایک لین دین پھولوں کا ہو سکتا ہے۔ دوسرا لوہے کا ہو سکتا ہے، اس سے اگلا کمپیوٹر کے پرزوں کے لیے ہو سکتا ہے۔ اس نے مزید کہا: ”اسی وجہ سے میں تجارتی اعداد و شمار پر بھروسہ نہیں کرتا، کیونکہ اس میں بہت کچھ صرف جعلی ہوتا ہے جو کہنے کے لیے ایک جگہ سے دوسری جگہ گھوم رہا ہوتا ہے اور آخر میں پیسہ نکل آتا ہے۔ وہ آپ کے کسی تجارتی معاہدے سے کمائے گئے منافع کے طور پر دکھائی دیتا ہے۔ اور اس طرح آپ ایک بلین ڈالر کی لانڈرنگ کرتے ہیں۔“
لانڈرومیٹ۔ لانڈرومیٹ ایک پیچیدہ چھپی ہوئی رقم کی سکیم ہے – جو عام طور پر کسی بینک یا اعلی مالیت والے فرد کے ذریعہ ترتیب دی جاتی ہے – اس میں متعدد شیل کمپنیاں رازداری کے ساتھ گاہکوں کو گمنامی کے ساتھ بڑے اثاثے خریدنے کی سہولت دیتی ہیے۔ سلیوان نے کہا کہ لٹویا میں مقیم ایک لانڈرومیٹ اتنا ڈھٹائی کا شکار تھا کہ اس نے گاہکوں کے لیے منی لانڈرنگ کی "گائیڈ” شائع کی تھی۔ اس کی تجاویز میں یہ شامل تھا: اگر آپ لوہا بیچنے کا ڈرامہ کر رہے ہیں، تو آپ کرین کے لیے جعلی کاغذی کارروائی بھی ضرور بنائیں — کیونکہ دوسرے بینک یہ پوچھ سکتے ہیں کہ آپ نے اس بھاری سامان کو کیسے منتقل کیا۔ (او سی سی آر پی کی ٹرائیکا لانڈرومیٹ کی تحقیقات کی ایک تفصیلی ویڈیو نیچے دیکھیں۔)
آف شور قرضے۔ ”اگر آپ اپنی ملکیت میں موجود کمپنی سے قرض لیتے ہیں، تو اسے بینک قبول کر لیتے ہیں کیونکہ اس کا ایک وجود ہوتا ہے: آپ کو قرض ملا ہے،“ سلیوان نے وضاحت کی۔ ”آپ اس رقم کو خرچ کر سکتے ہیں اور ظاہری طور پر آپ وہ رقم کو کبھی بھی اپنے آپ کو واپس نہیں کرتے۔ یہ حقیقت کہ وہ رقم ایک آف شور کمپنی سے آئی تھی جس کی آپ خفیہ طور پر ملکیت رکھتے ہیں، کھو چکی ہے۔“
ٹِپ: مشکوک کمپنیوں کے مالیاتی ریکارڈز دیکھتے ہوئے رپورٹرز قرضوں پر نظر ڈال سکتے ہیں اور ایسے قرضوں پر جنہیں کبھی واپس نہیں کیا گیا۔ رپورٹرز کو ایسے قرضوں پر بھی نشان لگانا چاہیے جہاں "نقدی” بطور ضمانت درج ہوتی ہے۔ ”اگر کوئی کاروباری قرض کے لیے نقد رقم استعمال کر رہا ہے، تو یہ جائز کاروبار کے لیے زیادہ مناسب نہیں لگتا، کیونکہ اگر آپ کے پاس نقد رقم ہے تو آپ کو قرض کی ضرورت کیوں ہے؟“ سلیوان نے اشارہ کیا۔
بینک پر قبضہ۔ ”کچھ مجرم بینک خرید لیتے ہیں،“ انہوں نے مزید کہا۔ ”آپ تمام رقم اپنے آپ کو قرض دیتے ہیں اور پھر اپنے ہی بینک کو خالی کر لیتے ہیں۔ یہ اکثر روس اور مشرقی یورپ میں ہوتا ہے۔ آپ اپنے بینک کے اکائونٹس کے درمیان بھی رقم منتقل کر سکتے ہیں – یہ ایک ایسا لین دین ہے جو ریگولیٹرز سے پوشیدہ رہتا ہے۔“
جعلی پراکسی خریدار منی لانڈرنگ۔ مجرم اکثر اپنے اثاثوں کو دوسروں کے ناموں پر رجسٹر کرکے چھپاتے ہیں – لیکن ان پراکسیوں کی نوعیت بدل رہی ہے۔ ”پرانے دنوں میں، پراکسیاں سادہ تھیں: یہ آپ کی بیوی یا بچہ ہوتا تھا،“ سلیوان نے وضاحت کی۔ ”لیکن صحافیوں نے اس کو پکڑ لیا، اور پوچھنے لگے: ‘آپ کا 12 سالہ بیٹا اس کمپنی کا مالک کیوں ہے؟’ تو مجرموں نے رجسٹریشن ایجنٹوں کو پراکسی کے طور پر استعمال کرنا شروع کر دیا – لیکن وہ بھی مشکوک ہو گیا۔ ہمیں سنگاپور کے ایک برگر کنگ میں کام کرنے والی ایک خاتون ملیں جو 6,000 کمپنیوں کی ’مالکن‘ تھیں۔ لہذا اب وہ اپنی کمپنیوں کے مالک ہونے کے لیے جعلی پتوں پر غیر موجود لوگوں کو پیدا کر رہے ہیں۔ جعلی انسانوں کے بارے میں اچھی بات یہ ہے کہ ان کا سراغ نہیں لگایا جا سکتا۔“
ناکام معاہدے پراکسیوں کو بھیجے گئے۔ ”ہم نے ایک اولیگارچ سے ایک پراکسی کو بھیجی جانے والی ای میلز دیکھیں، کہا گیا کہ وہ سٹاک کی فروخت کا معاہدہ ہے – لیکن اس دستخط شدہ معاہدے میں کوئی تاریخ یا سٹاک کی کوئی قیمت نہیں تھی، لہذا یہ بنیادی طور پر اسے ایک خالی چیک بھیج رہا تھا،“ سلیوان نے یاد کیا۔ ”اور روسی اولیگارچ لوگوں کو رشوت دینے کے لیے ناکام معاہدوں کا استعمال کرنا پسند کرتے ہیں۔ ان کے پاس ایک معاہدہ ہوگا جس میں کہا گیا ہوگا: ‘یہ ایک معاہدہ ہے – اگر ہم اسے بند نہیں کرتے ہیں، تو ہم آپ کے 10 ملین ڈالر کے مقروض ہوں گے، کیونکہ ہم آپ کو پیش آنے والی پریشانی کے لیے معاوضہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔’ ہم نے اس ایک معاہدے پر 10 ملین ڈالرکی خرید دیکھی اور انہوں نے آسانی سے معاہدہ اور اس معاہدے کی منسوخی کو اسی ای میل میں [پراکسی کو] بھیجا تھا۔“
کریپٹو کرنسی کے لین دین۔ ”آپ غیر قانونی رقم کو کرپٹو اکاؤنٹ میں منتقل کر سکتے ہیں، آپ اسے کسی کے ساتھ تجارت کرسکتے ہیں، اور پھر اسے کسی چیز جیسے کہ [بے نام کریپٹو کرنسی] مونیرو کے ذریعے بھیج سکتے ہیں، اور آپ نے بس چھپایا ہے کہ وہ رقم کہاں گئی ہے،“ سلیوان نے مزید کہا۔
ٹیکس ایمنسٹی کا غلط استعمال۔ ”آپ دیکھتے ہیں کہ یہ امیر لوگ ٹیکس معافی کے لیے درخواست دیتے ہیں، جہاں وہ کہتے ہیں: ‘ہمارے پاس بیرون ملک بہت پیسہ ہے؛ آپ کو مجھے اسے واپس لانے کی ترغیب دینی چاہیے کیونکہ اس سے ملک کی مدد ہو گی۔‘‘ سلیوان نے وضاحت کی۔ ”یہ بنیادی طور پر بکواس ہے، کیونکہ وہ برسوں سے ٹیکس کی ادائیگی سے گریز کرتے آ رہے ہیں۔ لیکن ہم نے منظم جرائم کو ممالک کے ساتھ ٹیکس معافی پر بات چیت کرتے ہوئے بھی دیکھا ہے – اس لیے بڑی رقوم کو حکومتیں خود ہی بہت آسانی سے صاف کر سکتی ہیں۔“
روون فلپ جی آئی جے این کے سینئر رپورٹر ہیں۔ وہ پہلے جنوبی افریقہ کے سنڈے ٹائمز کے چیف رپورٹر تھے۔ وہ ایک غیر ملکی نامہ نگار کے طور پر دنیا کے دو درجن سے زائد ممالک سے خبروں، سیاست، کرپشن اور تنازعات پر رپورٹ کر چکے ہیں۔